0
Saturday 3 Jan 2015 19:15

شہباز شریف نے آرمی چیف کو دہشت گردوں سے تعلقات مکمل ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی

شہباز شریف نے آرمی چیف کو دہشت گردوں سے تعلقات مکمل ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ ذرائع کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے چاروں صوبوں میں اعلیٰ سویلین اور فوجی عہدیداروں پر مشتمل اپیکس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جن کا مقصد فوج اور حکومت میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے جبکہ اس حوالے سے پنجاب اپیکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور پنجاب بھر کے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں صوبے میں امن وامان اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہم آہنگی ہی دہشت گردی کے خلاف کامیابی کی کنجی ہے، عوام، انٹیلی جنس اور دیگر فورسز کی کوششوں سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو تیز عدالتی کارروائی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اے پی سی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی قیادت کا عہد طاقت کا باعث ہو گا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کا مکمل اعادہ کیا ہوا ہے، مشترکہ سیکیورٹی پلان کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ نون لیگ کے دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات ماضی کا قصہ ہیں، اب نون لیگ کالعدم جماعت کے ساتھ تعلقات ختم کر چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبے میں دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویے کے حوالے سے بھی شکوہ کیا جس پر میاں شہباز شریف نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کو بلاامتیاز جاری رکھے گی اور کسی تعلق داری کو خاطر میں نہیں لائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن ہماری اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 430052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش