0
Tuesday 13 Jan 2015 12:30
پاکستان دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے، سرتاج عزیز

دہشتگردوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، طالبان، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ دنیا بھر کیلئے خطرہ ہیں، جان کیری

دہشتگردوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، طالبان، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ دنیا بھر کیلئے خطرہ ہیں، جان کیری
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے 25 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ طالبان، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ دنیا بھر کے لئے خطرہ ہیں، دہشت گردوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے جبکہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے۔ پاک امریکہ اسٹرٹیجک مذاکرات کے بعد دفتر خارجہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے پاکستان حقانی نیٹ ورک اور دوسرے گروپس کے خلاف کارروائی کرے، حقانی نیٹ ورک، لشکر طیبہ پاکستان، امریکہ اور دوسرے ممالک کیلئے خطرہ ہیں۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی پر امریکہ کو تشویش ہے، دونوں ممالک سفارتی ذرائع سے مسائل حل کریں، تعلقات کو مثبت طریقے سے آگے بڑھانا پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں ہے۔ 

جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون جاری رہے گا، پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ جان کیری نے کہا کہ افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اسٹرٹیجک مذاکرات پاک امریکہ دوستی کو مضبوط کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری پر خوشی ہے، افغانستان میں امریکہ کا کردار کمزور ہوا، لیکن ختم نہیں ہوا، چاہتے ہیں پاکستان اور افغانستان میں جمہوریت مضبوط ہو۔ جان کیری نے کہا کہ سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اور عوام کو بہت دکھ ہوا ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان کے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فاٹا میں تعمیر و ترقی کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے، فاٹا میں آپریشن کے دوران بہت نقصان ہوا، آئی ڈی پیز کی واپسی میں 10 سے 12 ماہ لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں مربوط اور مضبوط آپریشن شروع کر رکھا ہے، پاکستان نے مغربی سرحد پر امن کیلئے ایک لاکھ 70 ہزار فوج تعینات کی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہا ہے، ضرب عضب میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کر دیا۔ مشیر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال اور امن و امان کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 432190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش