0
Wednesday 21 Jan 2015 09:36

آزاد کشمیر، قومی ایکشن پلان کے نفاذ کی منظوری

آزاد کشمیر، قومی ایکشن پلان کے نفاذ کی منظوری
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی۔ اس سلسلہ میں منگل کے روز وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عابد علی، سیکرٹری مالیات ملک محمد صادق،انسپکٹر جنرل پولیس خدا بخش اعوان، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری سروسز چوہدری منیر حسین، سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری قانون ادریس عباسی، سیکرٹری اوقاف نظیرالحسن گیلانی، جی او سی مری میجر جنرل فہیم العزیز سمیت دیگر فوجی افسروں اور اعلی احکام نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کےلیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ آزاد کشمیر کی سطح پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کمیٹی کی سربراہی کریں گے جس میں فوجی اور سول افسر شامل ہوں گے۔ ڈویژن کی سطح پر کمشنرز عملدرآمد کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں جوائنٹ آپریشنل سیل بھی قائم کیا گیا جس میں فوجی اور سول افسر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلیے اقدامات کریں گی۔اجلاس میں آزاد کشمیر سے افغان مہاجرین کے انخلاء کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ دہشت گردی کو متحد ہو کر ختم کریں گے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح آزاد کشمیر کے اندر بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کرایا جائے گا اور اس ضمن میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں جی او سی مری میجر جنرل فہیم العزیز نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے پوری قوت کے ساتھ سول انتظامیہ کی مدد اور اعانت کے لیے موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ ایکشن لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 434027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش