0
Friday 6 Feb 2015 19:17

شکارپور میں نمازیوں اور پشاور میں بچوں پر حملے دہشتگردوں کے پست حوصلے کا ثبوت ہے، کور کمانڈر کراچی

شکارپور میں نمازیوں اور پشاور میں بچوں پر حملے دہشتگردوں کے پست حوصلے کا ثبوت ہے، کور کمانڈر کراچی
اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ پشاور میں معصوم بچوں اور شکارپور میں نمازیوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کے پست حوصلوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ سندھ کے ضلع کوٹری میں فیلڈ فائر رینج میں پولیس کے ساتھ اہلکاروں کی چار ہفتوں کی انسداد دہشتگردی تربیت کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ ملک انتہائی اہم اور حساس دور سے گذر رہا ہے، ہمیں اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے، اس لئے ہم سب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار رہیں۔ لیفٹینٹ جنرل نوید مختار کا کہنا تھا کہ افواج مغربی سرحدوں پر دہشتگردوں سے نبرد آزما ہیں، آپریشن ضرب عضب بڑی کامیابی سے جاری ہے، شمالی وزیرستان کا بڑا علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام قانوں نافذ کرنے والے ادارے اکٹھے ہو کر کام کریں گے تو دہشتگردی کے خلاف بہترین رد عمل کو عملی جامہ پہنا سکیں گے۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور کے حوالے سے بہت سے شواہد ملے ہیں، جن پر تحقیقات جاری ہیں۔ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ سندھ پولیس میں جلد ہی انسداد دہشتگردی کا محکمہ بنایا جا رہا ہے، جس میں ایک ہزار اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔ آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں حیدرآباد کے بعد کراچی اور پنو عاقل میں بھی تیس سال سے کم عمر اہلکاروں کو فوجی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع دورانِ تربیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکارون میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 437968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش