0
Saturday 7 Feb 2015 03:44

آصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان طویل مدت کے بعد ٹیلیفونک رابطہ

آصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان طویل مدت کے بعد ٹیلیفونک رابطہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان ایک طویل مدت کے بعد جمعہ کی شب ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال اور ملک کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مسائل پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی، جبکہ ماضی کی تلخیوں، بدگمانیوں اور ناانصافیوں کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ گفتگو میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اردو بولنے والوں کا بھی سندھ پر اتنا ہی حق ہے، جتنا سندھی بولنے والوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو مفاہمت اور افہام و تفہیم کی ضرورت ہے، اگر دونوں جماعتوں کے مابین دوبارہ ساتھ چلنے کا معاہدہ ہوا، تو میں یقین دلاتا ہوں کہ اس مرتبہ 40/60 کے طے شدہ معاہدے پر مکمل دیانتداری کے ساتھ عمل ہوگا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین سینیٹ کے الیکشن کے معاملات پر بھی تفصیلی اور مثبت پیشرفت ہوئی۔ اس سلسلے میں جلد ہی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان تفصیلی بات چیت کا آغاز ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سمیت ان تمام رہنماؤں کے کردار کو سراہا، جو لڑائی جھگڑے کے بجائے مفاہمت اور اتحاد و یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 438060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش