1
0
Saturday 7 Feb 2015 16:35
تکفیریت کو کمزور کئے بغیر پاکستان میں امن کا قیام ممکن نہیں

توسل و ارتباط با امام زمانؑ ہمیں بھی حزب اللہ اور انصاراللہ کیطرح طاقتور بنا دیگا، علامہ ناصر عباس جعفری

ایران کیجانب سے ملت عراق و شام کا دفاع 8 سالہ جنگ کے امتحان میں استقامت کا نتیجہ ہے
توسل و ارتباط با امام زمانؑ ہمیں بھی حزب اللہ اور انصاراللہ کیطرح طاقتور بنا دیگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ الہٰی جماعت کے رکن میں تقویٰ و انکساری کا عنصر بنیادی اہمت کا حامل ہے، معاشرے کو نیکی کی جانب بلانے والے کا خود برائی سے بچنا ضروری ہے، وقت بہت کم ہے، اسے فضول افعال کے بجائے بندگی خدا میں صرف کریں، اپنے نفس کو آزاد کروانے کیلئے واجبات کو انجام دینا ہوگا اور حرام سے بچنا ہوگا، پاکیزگی کی جانب سفر کرنا جہاد اکبر ہے، تمام تنظیمی کارکنان کو انفرادی ریاضت، عبادات اور مناجات کی جانب خصوصی توجہ دینی ہوگی، تکفیریت کو کمزور کئے بغیر پاکستان میں امن کا قیام ممکن نہیں، جمہوری اسلامی ایران کی جانب سے ملت عراق اور شام کا دفاع آٹھ سالہ جنگ کے امتحان میں استقامت کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امریکا سے آئے ہوئے حجت الاسلام علامہ شیخ غلام حر شبیری، ذاکر اہلبیتؑ علامہ علی عرفان عابدی، مرکزی سیکرٹری امور روابط اقرار حسین ملک سمت تنظیم عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے، اس موقع پر علامہ شیخ غلام حر شبیری نے بھی شرکاء سے مختصر خطاب کیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کارکنان سے اخلاقی و عرفانی عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح دنیا میں الٰہی نمائندے موجود ہیں، بالکل اسی طرح شیطانی نمائندے بھی وجود رکھتے ہیں، نہضت الٰہیہ سے وابسطہ افراد کا شیطانی نمائندوں سے بچنا انتہائی ضروری ہے، ایسے افراد جو لوگوں کو ایثار، فدا کاری اور شجاعت کی تلقین کرتے ہیں، انہیں پہلے خود ان چیزوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان عابد شب زندہ دار بنیں، نماز کی اول وقت ادائیگی کو یقینی بنائیں، تلاوت قرآن کریم کو عادت بنائیں، توسل باحضور امام زمان عج کو رواج دیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ گناہ انسان کی باطنی آنکھ کو زخمی کر دیتے ہیں، جس کی بناء پر وہ انوار الہٰیہ اور جمال خداوندی کا مشاہدہ کرنے کی صلاحیت کھو دیتی ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران کی جانب سے ملت عراق اور شام کا دفاع آٹھ سالہ جنگ کے امتحان میں استقامت کا نتیجہ ہے، پاکستانی شیعہ ملت بھی بردار اقوام کی دادرس بن سکتی ہے، توسل و ارتباط باحضور امام زمان عج ہمیں سرزمین پاک پر حزب اللہ لبنان اور انصار اللہ یمن کی طرح طاقتور بنا دے گا۔

قومی و بین الاقوامی حالات پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پروردگار عالم نے سانحہ شکارپور کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر ہماری قوم کو عظیم امتحان کیلئے منتخب کیا ہے، سید مقاومت حسن نصر اللہ نے ایک ملاقات میں ہمیں کہا کہ ملت یمن کے بعد ملت پاکستان سے خداوند متعال نے بڑا کام لینا ہے، خداوند کریم کسی قوم کو کبھی ایسے سنگین امتحان میں مبتلا نہیں کرتا، جس میں اس حوالے سے سرخرو ہونے کی صلاحیت نہ ہو، سانحہ شکارپور کے بعد ہم ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، حکمرانوں اور فوج کو اپنی روش تبدیل کرنا ہوگی، شہید مظلوم پشاور کا ہو یا شکارپور کا، شریعت اور قانون میں ایک ہی مقام و مرتبہ رکھتا ہے، اسی طرح مظلوموں کے قاتلوں میں بھی فرق نہیں، قاتل سانحہ پشاور کا ہو یا سانحہ شکارپور کا، شریعت اور قانون کی نگاہ میں انجام دونوں کا ایک ہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم عوامی طاقت سے حکمرانوں اور فوج کو ان ظالم و قاتل تکفیری دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدام اٹھانے پر مجبور کریں گے، تکفیریت کے خلاف ملک گیر سطح پر سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کا اتحاد تشکیل دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل سمیت کسی بھی ملی تنظیم یا جماعت کو کمزور کرنا یا ختم کرنا ہمارا ایجنڈا نہیں، اگر کوئی جماعت قوم کی خدمت کی غرض سے میدان میں اترے گی تو ہم اس کے پیچھے کھڑے ہوں گے، گلگت بلتستان الیکشن میں اگر ہمیں کسی حلقے میں کھڑے شیعہ علماء کونسل کے امیدوار کی مضبوطی اور کامیابی کا یقین ہوگا اور اس کے مقابلے میں اپنا امیدوار لانے سے اس کی فتح مشکوک ہوگی، تو ہم اس کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 438196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

S. A. Salman Naqavi
Iran, Islamic Republic of
Quite a motivating speech
ہماری پیشکش