0
Saturday 28 Feb 2015 21:43

سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی 4 نشستوں پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب

سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی 4 نشستوں پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب
اسلام ٹائمز۔ سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنو کریٹس اور خواتین کی 4 نشستوں پر متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ 7 جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے 8 امیدواروں کے مابین مقابل ہوگا۔ ہفتہ کو صوبائی الیکشن کمیشن آف سندھ میں ٹیکنوکریٹس کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے متبادل امیدوار عبدالقادر خانزادہ پیپلز پارٹی کے فاروق حمید نائیک کے حق میں اور سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک متحدہ قومی موومنٹ کے بیرسٹر محمد علی سیف کے حق میں دستبردار ہوگئے، جس کے بعد ان دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی کے فاروق حمید نائیک اور متحدہ قومی موومنٹ کے بیرسٹر محمد علی سیف بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔ خواتین کی دو نشستوں کے لیے پیپلز پارٹی کی شمع عارف مٹھانی اور متحدہ قومی موومنٹ کی متبادل امیدوار خوش بخت شجاعت، سیما زریں اورتحسین مشکور عابدی نے متحدہ قومی موومنٹ کی نگہت مرزا اور پیپلزپارٹی کی سسی پلیجو کے حق میں اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ اس طرح خواتین کی دو نشستوں پر پیپلز پارٹی کی سسی پلیجو اور متحدہ قومی موومنٹ کی نگہت مرزا بلامقابلہ کامیاب ہوئیں۔ جنرل نشستوں کے لیے 8 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے 8 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔ 7 جنرل نشستوں کے لیے انتخابات میں حصہ لینے والے 8 امیدواروں میں پیپلز پارٹی کے عبدالرحمن ملک، اسلام الدین شیخ، سلیم مانڈوی والا، عبداللطیف انصاری، انجینئر گیان چند، متحدہ قومی موومنٹ کے میاں محمد عتیق شیخ، خوش بخت شجاعت اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے امام الدین شوقین کے شامل ہیں۔ ریٹرننگ افسر سید محمد طارق قادری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ تاہم جنرل نشستوں پر 8 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ پولنگ 5 مارچ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلاکسی وقفہ تک جاری رہے گی۔ سندھ اسمبلی کے 167 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 444056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش