0
Tuesday 10 Mar 2015 23:01

کراچی میں پولیس موبائلوں پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی میں پولیس موبائلوں پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ کراچی پولیس چیف نے حملے میں ایک ہی گروپ کو ملوث قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شکیل جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور اس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی۔ لائٹ ہاؤس پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دہشتگردوں نے صدر رمپا پلازہ پر معمول کی ڈیوٹی پر تعینات 15 کی پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی شکیل اور ہیڈ کانسٹیبل سعید موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے دونوں واقعات میں ایک ہی حملہ آور گروہ ملوث ہے، گزشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے پولیس پر حملے کئے، تاہم پولیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہر میں امن و امان کے لئے مزید سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 446420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش