0
Sunday 28 Nov 2010 13:17

سنی اتحاد کونسل کی ریلی جہلم پہنچ گئی،پرامن احتجاج روکنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا،فضل کریم

سنی اتحاد کونسل کی ریلی جہلم پہنچ گئی،پرامن احتجاج روکنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا،فضل کریم
جہلم:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق دہشت گردی،مزارات کی بے حرمتی اور مہنگائی کے خلاف سنی اتحاد کونسل کی اسلام آباد سے نکالی گئی ریلی جہلم پہنچ گئی ہے اس ریلی کی منزل لاہور ہے۔کل رات سواں پل پر پولیس نے کنٹینرز رکھ کر لانگ مارچ کے شرکاء کو آگے برھنے سے روک دیا تھا جبکہ پولیس کی جانب سے شرکاء پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی تھی۔سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا تھا کہ پر امن قافلے پر لاٹھی چارج افسوسناک ہے۔اس کے بعد ریلی کے شرکا نے دھرنا دیا،جس پر ریلی کو آگے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ 
آج نیوز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کا لانگ مارچ روکنے کیلئے کھڑے کئے گئے کنٹینرز سات گھنٹے بعد ہٹا دیئے گئے۔صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے پرامن احتجاج روکنے کیلئے حکومت نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔سنی اتحاد کونسل کی ریلی اور پولیس میں تصادم کے بعد سواں پل پر مظاہرین نے دھرنا دے دیا تھا۔سنی اتحاد کونسل کے کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے وقفے وقفے سے شیلنگ بھی کی۔رات گئے سات گھنٹے بعد پولیس نے کنٹینرز ہٹالئے جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے قافلے روانہ ہوئے۔ 
صحافیوں سے گفتگو میں صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ لانگ مارچ نہ کرنے کیلئے حکومت نے مختلف حیلے بہانے استعمال کئے اور مختلف طریقوں سے دباوٴ بھی ڈالا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ڈیڑھ ماہ پہلے ہی لانگ مارچ کے بارے میں بتادیا گیا تھا لیکن سیکورٹی فراہم کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال کیا گیا،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ادھر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف سنی تحریک نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 45362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش