0
Thursday 28 May 2015 14:11

عدالتی محاصرہ کیس، وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس افسران کیخلاف کارروائی کیلئے 3 روز کی مہلت

عدالتی محاصرہ کیس، وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس افسران کیخلاف کارروائی کیلئے 3 روز کی مہلت
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو عدالتی محاصرہ کرنے والے سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی کے لئے 3 روز کی مہلت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی پیشی کے دوران میڈیا کے نمائندوں پر تشدد اور عدالتی محاصرے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف اور دیگر پولیس افسران نے ایک بار پھر غیر مشروط معافی نامے اور حلف نامے جمع کرائے۔ آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی نے اپنے حلف نامے میں غیر مشروط معافی کے ساتھ ہی عدالت عالیہ کو اضافی معلومات بھی فراہم کیں۔ سماعت کے دوران جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ واقعے پر پولیس افسران کے خلاف کارروائی کرتے، تو ہمیں نوٹس لینے کی ضرورت نہ پڑتی، وزیراعلیٰ کے ہاتھ کس نے باندھ رکھے تھے کہ انہوں نے محاصرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی، اور جو عدالت کے ساتھ کیا گیا، اگر وزیراعلیٰ کے ساتھ کیا جاتا تو وہ کیا کرتے۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ عدالت نے نوٹس لے کر کارروائی شروع کر دی، اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کارروائی نہیں کی۔

اس موقع پر جسٹس سجاد علی شاہ نے چیف سکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں عدالت کے محاصرے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کا عدالتی حکم پہنچائیں، عدالت معاملے کی سماعت روک دیتی ہے وزیراعلیٰ سے کہیں کہ وہ افسران کے خلاف کارروائی کریں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ عدالت مہلت دے، حکومت کارروائی کرے گی۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کرتے ہیں۔ کیس کی مزید سماعت یکم جون کو ہوگی۔ واضح رہے کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے عدالت کا محاصرہ کرنے والے ایس ایچ او پریڈی اور ایس ایس یو کے 12 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے، جبکہ اس معاملے میں پولیس کے اعلیٰ افسران عدالت سے معافی مانگ چکے ہیں، تاہم عدالت نے تحریری معافی نامے مسترد کر دیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 463620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش