0
Wednesday 26 Aug 2015 21:28

ظالم اور مظلوم کو ایک لاٹھی سے نہ ہانکا جائے، علامہ عبدالخالق اسدی

ظالم اور مظلوم کو ایک لاٹھی سے نہ ہانکا جائے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں منظم انداز میں ملت جعفریہ کے سینکڑوں افراد کو مختلف اضلاع میں بیلنس پالیسی کے تحت پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی، ظلم اور دہشت گردوں کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ پریس کانفرنس میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور علامہ امتیاز کاظمی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی، رائے ناصر علی، سید عدنان بخاری ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملت جعفریہ کو یہ امتیاز اور فخر حاصل ہے کہ اس قوم نے کبھی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا، ہمارا یہ ایمان ہے کہ پاکستان کو ہم نے بنایا ہے اور انشاءاللہ اس کی سلامتی و بقا کے لئے ہم نے قربانیان دی ہے اور دیتے بھی رہیں گے، پنجاب حکومت کے ایک وزیر جو خود دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست ہیں، کے ایما پر ہمارے خلاف بھی بربریت جاری ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے دیں، یہ نااہل حکمران ہمارے قاتلوں کو پکڑنے کے بجائے ہمیں تختہ مشق بنا رہے ہیں، ہمیں یہ بخوبی اندازہ ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے منطقی انجام کو پہنچنے کو ہے، دہشت گردوں کے بعد اب ان کے سرپرست اور سہولت کاروں کی باری ہے، ملت جعفریہ کو ہراساں کرکے دہشت گردوں کے سرپرست ملکی سلامتی و بقا کی اس جنگ کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سو سے زائد اپنے پیاروں کی سر بریدہ لاشوں کو لئے دس دن تک پورے پاکستان میں سڑکوں پر جوانوں، بوڑھوں، بچوں اور خواتین سمیت بیٹھے رہے، پورا ملک دسترس میں ہونے کے باوجود ایک پتہ تک نہیں ہلنے دیا، یوں اس مہذب اور پرامن ملت کو پنجاب حکومت آخر کس چیز کی سزا دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ظلم کو برداشت نہیں کریں گے کہ ظالم اور مظلوم دونوں کو ایک لاٹھی سے ہانکا جائے، ہم پاکستان کے اعلٰی عدلیہ، سکیورٹی فورسز اور مقتدر اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا دہشت گردی کیخلاف ملکی سلامتی کی اس جنگ کو متاثر کرنے والوں کے مذموم مقاصد کو جانیں اور ان کے خلاف ایکشن لیں، اگر پنجاب حکومت کی جانب سے یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 482204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش