0
Friday 18 Sep 2015 08:00

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی کشمیریوں کے گھروں میں گھس گئے

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی کشمیریوں کے گھروں میں گھس گئے
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر کے مضافاتی علاقے نارہ بل میں رہائشی مکانوں میں گھس کر مکینوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی، دکانوں کو لوٹ لیا، سڑک پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور کر دیے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ایک پندرہ سالہ لڑکے سمیت متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا،مار پیٹ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ پٹن اور ٹنگمرگ کے علاقوں میں چار نوجوانوں کے حراستی قتل کے خلاف دیگر علاقوں کی طرح نارہ بل میں لوگوں نے سخت احتجاجی مظاہرے کیے۔ نوجوانوں نے ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر آ کر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس دوران مظاہرین اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئیں اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے شام دیر گئے تک جاری رہا جس کے دوران کئی مظاہرین زخمی ہو گئے۔

مارپیٹ کے نتیجے میں شبیر احمد ڈار اور امتیاز احمد ڈار سمیت نصف درجن افراد زخمی ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ بھارتی پولیس 15 سالہ محمد عامر اور فیروز احمد ملہ سمیت متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر کے لے گئی۔ علاوہ ازیں سرینگر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے مظالم کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاج کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لوگ سرینگر کے علاقوں زین ڈار محلہ اور ٹینکی پورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک دکاندار کی گرفتاری اور دیگر مظالم کے خلاف احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔

ادھر بھارتی پولیس نے سوپور قصبے میں آزادی کے حق میں ایک مظاہرے کے شرکاء پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور آنسو گیس پھینکی۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں رنبیر پینل کوڈ جس کے تحت مقبوضہ علاقے میں گائے کے ذبح کرنے پر عائد پابندی کے بعد اب تک اس قانون کے تحت جموں میں 28 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 486198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش