0
Saturday 26 Sep 2015 20:21

میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر دکھاؤں گا، یوسف دیار کا بن کارسن کو جواب

میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر دکھاؤں گا، یوسف دیار کا بن کارسن کو جواب
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے 12 سالہ یوسف دیار نے ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بنوں گا اور ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی عزت کروں گا۔  امریکا کے 12 سالہ یوسف دیار نے ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن کے مسلمانوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ امریکا میں سیاہ فام پر تعصبانہ رویئے کی وجہ سے یہاں کے لوگ کہا کرتے تھے کہ سیاہ فام کبھی بھی امریکا کا صدر نہیں بن سکتے لیکن موجودہ صدر باراک اوباما نے امریکی صدر بن کر سیاہ فام کے لیے مقرر کردہ حدود کو توڑ دیا اور اب میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر مسلمانوں کے لیے متعین کردہ حدود کو توڑ کر دکھاؤں گا۔ میں صدر بن کر ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے شخص کی عزت کروں گا۔

یوسف دیار نے کہا کہ 2 سال کی عمر میں ہی جب میں ٹھیک طرح سے چلنا اور بولنا بھی نہیں جانتا تھا تب سے ہی میں امریکی صدر بننے کے خواب دیکھتا آرہا ہوں اور میں اپنے دوستوں سے بھی یہ کہتا ہوں لیکن آپ نے یہ کہہ کر میرا خواب توڑ دیا کہ کوئی مسلمان امریکا کا صدر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا آپ نے مجھ سمیت تمام مسلمانوں سے یہ کہا کہ ویسے ہی کوئی آپ سے بھی یہ کہہ سکتا تھا کہ آپ اپنے رنگ یا نسل یا ایمان کی وجہ سے امریکا کے صدر نہیں بن سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن نے حال ہی میں ایک متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان کو امریکا کا صدر نہیں بننا چاہیئے کیونکہ امریکا کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا، ممکنہ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نظر میں ایک مسلمان کے امریکا کا صدر بننے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ بن کارسن کے بیان پر امریکا میں مقیم مسلمانوں اور انسانی حقوق کی حامی بعض تنظیموں نے سخت تنقید کی ہے اور ان سے اس بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صحافی :
خبر کا کوڈ : 487544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش