0
Sunday 4 Oct 2015 11:18

کوئٹہ، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نئے کمانڈر سدرن کمانڈ مقرر

کوئٹہ، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نئے کمانڈر سدرن کمانڈ مقرر
اسلام ٹائمز۔ ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ کوئٹہ میں کمان تبدیلی کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں گورنر بلوچستان، وزیراعلٰی بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان، صوبائی وزراء، علماء کرام، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، جنرل، آفیسرز اور دیگر اعلٰی سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کمان سٹک اور فلیگ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے حوالے کرکے سدرن کمانڈ کی کمان ان کے سپرد کردی۔ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے الوداعی خطاب میں کہا کہ میرے لئے آج کی یہ تقریب نہایت فخر اور افتخار کا باعث ہے کہ میں آج سرخرو ہوں اور سدرن کمانڈ کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو سونپ کر آپ سے الوداع ہو رہا ہوں۔ آپ پاک فوج کے تمام حلقوں میں اپنی ذہانت اعلٰی پیشہ وارانہ قابلیت اور اعلٰی ذاتی اوصاف کے باعث انتہائی عزت و احترام سے جانے جاتے ہیں۔ پاک فوج ایک بہادر، اعلٰی پیشہ وارانہ اور باصلاحیت سپاہ پر مشتمل ہے، جو بلوچستان کی سنگلاخ پہاڑیوں اور لق و دق صحرا میں اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔ 30 اگست 2013ء کو جب میں نے سدرن کمانڈ کی کمان سنبھالی تو بلوچستان کے اندرونی حالات کافی گھمبیر تھے۔ ان میں بہتری لانے کےلئے ایک جامع فوری منصوبہ بندی اور خصوصاً پاک فوج و بلوچستان کے مختلف عوامی علاقوں کے مابین خلیج کو کم کرنے اور باہمی عزت و احترام، بھائی چارہ اور رواداری کے رشتے کو ازسرنو مضبوط کرنے کی ضرورت تھی۔ ریاست کے مفاد اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کی داخلی سکیورٹی کے حالات کو بہتری اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے تفصیلی مشاورت کے بعد ایک جامع اور مربوط منصوبہ بنایا گیا۔ کم و بیش دو سال کی قلیل مدت میں سخت محنت و کوشش کے بعد آج بلوچستان میں تازہ ہوا چلنے لگی ہے۔ صوبے کے حالات روز بروز ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

الوداعی تقریب سے خطاب میں جنرل ناصر خان جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج نے بلوچستان حکومت اور عوام کی مدد سے مختلف ترقیاتی و تعلیمی منصوبے شروع کئے، جن میں بیشترمکمل ہو چکے ہیں۔ اس تمام کوششوں و کامیابی کے پیچھے اللہ کی مدد کے بعد میری ٹیم زیرکمان سپاہ، ایف سی، انٹیلی جنس و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، سول حکومت اور خصوصاً بلوچستان کی غیور، اعور، باصلاحیت عوام کا حصہ ہے۔ جس کے لئے یہ سب بےحد شاباش و  مبارکباد کے مستحق ہیں۔ مجھے اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ ہمیں ابھی بہت کام کرنا ہے اور بلوچستان میں مستقل اور پائیدار امن کی مکمل بحالی کے لئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض جیسے قابل لیڈر اور آپ جیسے جانثار سپاہ کی محنت و قربانیوں کی مسلسل کاوشوں سے یہ خواب انشاء اللہ ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ میں صدق دل سے اللہ تعالٰی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس قدر عزت بخشی اور فوج میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے سرفراز کیا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان آرمی کی سب سے بڑی کمانڈ یعنی سدرن کمانڈ کی قیادت کرنے کی سعادت عطاء کی۔ اپنی شاندار کامیابیوں پر سب سے پہلے میں اللہ تعالٰی، اپنے والدین، عسکری ساتھیوں اور مخلص دوستوں کا بے حد مشکور ہوں۔ جن کی دعاﺅں اور رہنمائی کے باعث یہ سب ممکن ہوا۔ آج میں سدرن کمانڈ کو انتہائی مسرت اور فخر کے ساتھ پاک فوج کے اتنہائی قابل اور باصلاحیت آفیسر کے حوالے کر رہا ہوں۔ مجھے کامل یقین ہے کہ نئے سدرن کمانڈر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی محنت، جذبے، بلند حوصلے اور قابلیت سے انشاءاللہ سدرن کمانڈ کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 488892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش