0
Monday 12 Oct 2015 15:27

ملک میں عزاداری محدود کرنے، روکنے یا خوف و ہراس پھیلانے کے اقدامات قابل قبول نہیں، علامہ ساجد نقوی

ملک میں عزاداری محدود کرنے، روکنے یا خوف و ہراس پھیلانے کے اقدامات قابل قبول نہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں عزاداری محدود کرنے، روکنے یا خوف و ہراس پھیلانے کے اقدامات قابل قبول نہیں۔ آئین کے مطابق عزاداری سیدالشہداء شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے۔ پاکستان کے آئین کے مطابق تمام مکاتب فکر کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق شہری آزادیوں سے استفادہ کرتے ہوئے عبادات اور رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ لیکن حسب روایت محرم سے پہلے علماء کرام پر پابندی لگانا، عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش ہے اور سکیورٹی کے نام پر عزاداروں و منتظمین کو بے جا تنگ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات درست نہیں۔ ہم اس قسم کے خوف و ہراس کے ماحول کو پیدا کرکے عزاداری سید الشہداء کو متنازعہ بنانے کی کسی بھی منفی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ میٹنگز اور اقدامات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا آئین پاکستان کے مطابق تمام مکاتب فکر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے اپنے عقائد کے مطابق آزادی کیساتھ عبادات اور رسومات ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے حوالے سے ہونے والی میٹنگوں اور پلاننگ میں آئین پاکستان اور شہری آزادی کو ملحوظ خاطر رکھیں اور عزاداری سید الشہداء کو ایک امن مشن کے طور پر نمایاں کریں۔ عزاداری سید الشہداء کسی کے خلاف نہیں اور نہ ہی ایک مکتب فکر کا مسئلہ ہے، یہ تمام مسلمانوں کی مشترکہ میراث ہے، تمام مسلمانوں کو اپنے اپنے طریقے کے مطابق محرم الحرام کی رسومات منانے کی آزادی ہونی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 490551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش