0
Thursday 15 Oct 2015 12:27

متواتر قاتلانہ حملوں کے باوجود دو تہائی ٹریفک پولیس اہلکار عدم سیکورٹی سے دوچار

متواتر قاتلانہ حملوں کے باوجود دو تہائی ٹریفک پولیس اہلکار عدم سیکورٹی سے دوچار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ٹریفک پولیس پر تواتر سے کئے جانے والے قاتلانہ حملوں کے باوجود شہر بھر میں دو تہائی مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے سینکڑوں اہلکاروں کی جانیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار گاڑیوں کے بجائے دہشت گردوں پرنظر رکھنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی پولیس کو موصول ہونے والے ہنگامی مراسلے میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے، اس بات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ شہر بھر میں 250 مقامات تاحال غیر محفوظ ہیں، شہر میں صرف 39 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سے 10 مقامات پر رینجرز اہلکار ٹریفک پولیس کی حفاظت پر مامور ہیں، جبکہ 29 مقامات پر ریپڈ رسپانس فورس کو ٹریفک پولیس کی حفاظت کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے پولیس کے پاس کوئی مؤثر حکمت عملی موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات وقفے وقفے سے رونما ہو رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ زون ٹریفک میں مجموعی طور پر 58 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں، جن میں 51 مقامات ایسے ہیں، جہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکار غیر محفوظ ہیں، جبکہ 2 مقامات پر ٹریفک پولیس کو رینجرز اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 5 مقامات پر ریپڈ ریسپانس فورس سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ سٹی ٹریفک زون میں مجموعی طور پر 27 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے صرف 2 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکاروں فرائض کی انجام دہی کے دوران رینجرز اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل ٹریفک زون 61 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے 2 مقامات پر رینجرز اور 5 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 54 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ ٹریفک زون میں 43 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے 2 مقامات پر رینجرز اور 5 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 36 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ ٹریفک زون میں مجوعی طور پر 46 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے ایک مقام پر رینجرز اور 8 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 37 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں۔ ڈسٹرکٹ ملیر میں مجوعی طور پر 54 مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے ایک مقام پر رینجرز اور 6 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 47 مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس غیر محفوظ ہیں۔ ٹریفک پولیس کا عملہ جان کے خوف کی وجہ سے ٹریفک کنٹرول کرنے سے زیادہ تر وقت ایک دوسرے کی پہرے داری میں مصروف رہتا ہے، غیر محفوظ ٹریفک اہلکار اردگرد کے ماحول پر نظررکھنے کی وجہ سے ٹریفک پر توجہ نہیں دے پا رہے, جس سے ٹریفک جام اور دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں، ٹریفک جام کے دوران لمبی قطاروں میں پھنسے گاڑی سواروں کو ڈاکو باآسانی لوٹ لیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 491330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش