0
Tuesday 20 Oct 2015 01:58

آصف زرداری خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماوں کیخلاف کارروائیوں پر برس پڑے

آصف زرداری خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماوں کیخلاف کارروائیوں پر برس پڑے
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنماوں کے خلاف کارروائیوں پر بھی برس بڑے، کہتے ہیں خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے احتساب کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت پر کڑی تنقیدکی۔ آصف زرداری نے احتساب کمیشن کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی کی سابقہ سینیٹر ستارہ ایاز کو حراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے نام پر مخالفین کو انتقامی نشانہ بنانے کا تاثر ختم کیا جائے، پیپلز پارٹی کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کرتی، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر سیاسی اور سماجی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی کوشش بھی برترین کرپشن ہے، پیپلز پارٹی دور میں کسی سیاسی مخالف پر کوئی مقدمہ بنایا گیا نہ ہی انتقامی کاروائی کی گئی۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بلاتفریق احتساب کا ہونا نظر آنا چاہیے، احتساب کمیشن نے پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب کو بھی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا۔ پرویز خٹک کے حلقے سے تعلق رکھنے والے لیاقت شباب کی گرفتاری اور تشدد نے احستاب کے عمل پر سوالیہ نشان کھڑے کیے ہیں۔ سابق وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے اسمبلی کے فلور پر کابینہ ارکان کے خلاف کرپشن اورسمگلنگ کے ثبوت دیے مگر ان سنگین الزامات پر کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے سے قبل احتساب کمیشن کی قانونی حیثیت کو واضح کیا جائے۔ احستاب کمیشن کے قیام کا نوٹی فیکیشن جاری ہونے سے پہلے ہی مخالفین کو نشانہ بنانا شروع کردیا گیا، قانونی حیثیت کے بغیر سیاسی مخالفین کے خلاف کاروائیوں پر احتساب کمیشن اور اس کے آقاوں کا احتساب ہونا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 492323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش