0
Wednesday 4 Nov 2015 20:25

لاہور میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے 16 سے زائد افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے 16 سے زائد افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کی چار منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی جس سے 150 سے زائد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ عمارت کے ملبے تلے دبے 16 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر گیا۔ حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں 8 کرینیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور ملبے سے ابتدائی طور پر پندرہ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔ ملبے تلے دبے دیگر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم اس فیکٹری میں شاپنگ بیگ بنانے کا کام کیا جاتا ہے جس میں ایک شفٹ میں 40 افراد کام کرتے ہیں تاہم عمارت کے ملبے تلے 150 سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت میں 150 افراد موجود تھے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے تاہم ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مزید وسائل بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے باعث فیکٹری میں دراڑیں پڑ چکی تھی جس کے باعث زمین بوس ہو گئی۔ عمارت کے منہدم ہونے کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیتے رہے۔ ڈی سی او نے ملبہ زیادہ ہونے کے باعث پاک فوج سے مدد طلب کی جس پر پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس کا خصوصی دستہ موقع پر پہنچ گیا۔ اس موقع کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل، سی سی پی او امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایم این اے پرویز ملک اور وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود خان بھی پہنچ گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امدادی کارروائیوں میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ معاملہ حساس ہے اس لئے امدادی کام بھی محتاط انداز میں کئے جائیں تاکہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 495692
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش