0
Wednesday 18 Nov 2015 12:11

صحافیوں پر تشدد کیس میں آئی جی سندھ سمیت 14 اعلیٰ پولیس افسران ملزم قرار

صحافیوں پر تشدد کیس میں آئی جی سندھ سمیت 14 اعلیٰ پولیس افسران ملزم قرار
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے سیکیورٹی گارڈز اور صحافیوں پر تشدد کیس میں آئی جی سندھ اور اے آئی جی سمیت 14 افسران کے معافی نامے مسترد کرتے ہوئے انہیں ملزم قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے ذوالفقار مرزا کے ساتھیوں اور صحافیوں پر تشدد کیس کا تحریری فیصلہ سناتے ہوئے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ، ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل اور ایس آئی یو کے ایس ایس پی میجر سلیم سمیت 14 افسران کی جانب سے جمع کرائے گئے معافی نامے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے مسترد کر دیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار مرزا اور صحافیوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر نے پر آئی جی سندھ سمیت 14 افسران کو ملزم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ملزمان پر 25 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رواں سال 3 مئی کو ذوالفقار مرزا کی سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر نقاب پوش پولیس اہلکاروں نے ذوالفقار مرزا کے ساتھیوں اور صحافیوں کو احاطہ عدالت میں تشدد کا نشانہ بنایا، جس کا سندھ ہائی کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 498632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش