0
Thursday 19 Nov 2015 02:33

مغوی انجینئرز کو رہا نہ کیا گیا تو داریل کے عوام اپنی تباہی کا انتظار کریں، فورس کمانڈر

مغوی انجینئرز کو رہا نہ کیا گیا تو داریل کے عوام اپنی تباہی کا انتظار کریں، فورس کمانڈر
اسلام ٹائمز۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دیامر میں اغواء کئے گئے اسی سی او کے انجینئرز کو ہمارے حوالے کیا جائے ورنہ داریل تانگیر کے عوام اپنی تباہی کا انتظار کریں، اگر مغوی انجینئرز کو خراش تک آئی تو ہم داریل تانگیر کے پچھتر ہزار کی آبادی کو آئی ڈی پیز بنا دیں گے۔ میں داریل و تانگیر کے عوام و جرگہ سے کہتا ہوں کہ ایک ہفتے کے اندر مغوی انجینئرز کو حکومت کے حوالے کیا جائے ورنہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے گھروں کو مسمار کیا جائے گا۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم منیر نے تانگیر کے علاقہ میں عمائدین و عوام اور اراکین جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں قرآن کی روشنی میں کہتا ہوں کہ دہشت گرد ملک دشمن عناصر کو پناہ دینا گناہ ہے اور جرم ہے۔ آپ لوگ ایک طرف کہتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں کی مدد نہیں کرتے لیکن کیا آج تک کسی نے کسی دہشت گرد کے حوالے سے حکومت کو آگاہ کیا ہے یا کسی نے آج تک ان ملک دشمن قاتل عناصر سے سماجی طور پر قطع تعلق کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس دو راستے ہیں ایک اچھائی کا جبکہ دوسرا راستہ برائی کا ہے، اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ اچھائی کا راستہ اختیار کرنا ہے یا برائی کے راستے کا انتخاب کر کے آئی ڈی پیز بننا ہے۔ فورس کمانڈر نے کہا کہ ہم نے تانگیر کی بیٹی کو جو گرفتار ہوئی تھی واپس لاکر آپ کے حوالے کیا ہے لیکن آپ لوگوں نے مغوی انجینئرز کو اب تک ہمارے حوالے نہیں کیا، کیا یہی احسان کا بدلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوات میں مولوی فضل اللہ جیسے لوگوں کو ٹھیک کیا اور 8 لاکھ کے قریب لوگ آئی ڈی پیز بن گئے۔ داریل تانگیر کی آبادی تو قلیل ہے اس لئے آپ ٹھیک ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 498779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش