0
Friday 27 Nov 2015 13:33

بنوں، وفاقی وزیر اکرم درانی کے قافلے پر بم سے حملہ، دو افراد جاں بحق

بنوں، وفاقی وزیر اکرم درانی کے قافلے پر بم سے حملہ، دو افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ بنوں کے قریب نری خیل میں وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اکرم درانی کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم کے حملے میں اردلی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے ہیں جبکہ وفاقی وزیر بلٹ پروف گاڑی میں ہونے پر دھماکے میں محفوظ رہے، پولیس کے مطابق دھماکہ کا ہدف وفاقی وزیر ہاﺅسنگ تھے تاہم وہ اس حملہ میں محفوظ رہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان وزیر کے چچا ملک نواب خان اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جمعیت علماءاسلام (ف) میں شمولیت اختیار کررہے تھے اس سلسلے میں تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع نری خیل بکاخیل میں شمولیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزیر اکرم خان دُرانی کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی۔ وفاقی وزیر اکرم دُرانی تقریر ختم کرکے جب رخصت ہوکر گاڑی میں بیٹھ گئے اور جلسہ گاہ سے گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ نکلے ہی تھے کہ اُن کی گاڑی گذرتے ہی دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی کے پیچھے جانیوالی ایمبولینس گاڑی نشانہ بن گئی اور اس میں سوار ہسپتال اردلی احسان نشانہ بن کر جاں بحق ہوگئے اور گاڑیوں کے قافلے میں شامل ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایمبولینس گاڑی کے ڈرائیور رﺅف اوردوسرا اہلکار شیرین زخمی ہوگئے۔ ایمبولینس تباہ ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اکرم خان درانی کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ دریں ا ثناءوزیر اعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزیر ہاﺅسنگ کے قافلے پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے واقعہ رپورٹ طلب کر لی ہے انہوں نے دھماکہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے محفوط رہنے کا اطمینان کا اظہا ر کیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اکرم درانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے بزدلانہ حملوں کے باوجود بدانی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے اکرم درانی کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ واقعہ کے فوراً بعد زخمیوں کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق جے یو آئی (ف) نے پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی پر ہونے والے حملے کے خلاف آج جمعہ 27 نومبر کو ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے مساجد میں مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔ مولانا محمد امجد خان اور حافظ حسین احمد نے بتایا کہ اس بات کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن نے مولانا عبدالغفور حیدری سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 500707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش