0
Friday 4 Dec 2015 19:51

ووٹ اسلامی نقطہ نگاہ سے گواہی ہے اور گواہی میں کوتاہی شرعا جرم ہے، مفتی محمد نعیم

ووٹ اسلامی نقطہ نگاہ سے گواہی ہے اور گواہی میں کوتاہی شرعا جرم ہے، مفتی محمد نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ووٹ محض سیاسی ہار جیت اور دنیا کا کھیل نہیں بلکہ ایک شہادت ہے، عوام اپنی شہادت کا استعمال نیک صالح اور قابل آدمی کے انتخاب کیلئے کرے، شہر اس وقت بے شمار بلدیاتی مسائل سے دوچار ہے، ذاتی مفاد یا تعلق کی بنیاد پر کسی نااہل شخص کا انتخاب شرعا اور قانونا درست نہیں ہے، اسی طرح کسی بھی طرح کے تعصب کی بنیاد پر اہل کے مقابلے نااہل شخص کا انتخاب گناہ کے ذمرے میں آتا ہے، ووٹ اسلامی نقطہ نگاہ سے گواہی ہے اور گواہی میں کوتاہی شرعا جرم ہے، عوام آج مخلص افراد کا انتخاب کرکے کل کو بہتر بنائیں، ذاتی مفاد اور تعصبات کی بنیاد پر کرپٹ افراد کا انتخاب کسی بھی معاشرے کیلئے تباہی و بربادی کا سبب بنتا ہے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ووٹ کی شرعی حیثیت کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ووٹ کی حیثیت گواہی، سفارش اور حقوق مشترکہ میں وکالت کی سی ہے، تینوں حیثیتوں میں جس طرح نیک، صالح، قابل آدمی کو ووٹ دینا موجب ثواب ہے اور اس کے ثمرات اس کو ملنے والے ہیں، اس طرح نااہل یا غیرمتدین شخص کو ووٹ دینا جھوٹی شہادت بھی ہے اور بری سفارش بھی اور ناجائز وکالت بھی جو بڑی تباہی کا باعث ہے، جس کے برے اثرات معاشی و معاشرتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں اور نامہ اعمال میں برائی بھی لکھ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر بلدیاتی مسائل سے دو چار ہے، گٹر ابل رہے ہیں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں گزشتہ دس سالوں میں عوام کو بلدیاتی سطح پر محرومی کا سامنا رہا ہے، اربوں روپے کا عوامی فنڈ ترقی کے بجائے سیاستدانوں کی تجوریوں کی نظر ہوتا ہے۔

مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ اب عوام کو بلدیاتی انتخابات کے ذریعے موقع ملا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں تبدیلی لائیں، انہوں نے کہا کہ ایسے میں عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انفرادی فوائد کے بجائے اجتماعی فوائد کو ترجیح دیتے ہوئے ملک و ملت سے مخلص شخص کا انتخاب کریں تاکہ درپیش مسائل جلد از جلد حل ہوں اور عوام کی محرومیوں سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں درست ووٹ کا استعمال ہی شہر کی تقدیر کو بدل سکتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ اہل اشخاص کو منتخب کیا جائے، اقتدار و عہدہ اللہ تعالی کی دین ہیں اس کا غلط استعمال کرنے والوں کو کبھی اللہ معاف نہیں کریں گے، اس لیے اس امانت کو اہل لوگوں کے سپرد کیا جائے، نااہل سیاستدانوں کی غلطیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات ہیں کہ سیاستدان انتخاب سے قبل عوام الناس کے ساتھ جھوٹے وعدے کرتے ہیں، جب اقتدار ملتا ہے تو وہ عوام کو بھول جاتے ہیں جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے ووٹ غلط دینے سے پوری حلقے یا پورے ملک پر غلط اثر پڑتا ہے۔ مفتی محمد نعیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آج عوام اپنے حق رائے دہی کو درست استعمال کرکے اپنے کل کو بہتر بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 502544
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش