0
Tuesday 22 Dec 2015 17:30

ڈاکٹر عاصم نیب ریمانڈ کے بعد 30 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل ہونگے

ڈاکٹر عاصم نیب ریمانڈ کے بعد 30 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل ہونگے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو 30 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، تاہم جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے تک وہ نیب کی تحویل میں رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سماعت کے دوران رینجرز کے وکلاء، ڈاکٹر عاصم کے وکیل عامر رضا، نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر امجد علی شاہ، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نثار درانی، تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین اور نیب حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے کہا کہ نیب کورٹ سے ڈاکٹر عاصم کے جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم نہیں ہوئی، تاہم انسداد دہشت گردی کے منتظم جج کے حکم کی تکمیل کیلئے انہیں عدالت میں لایا گیا ہے۔

ڈاکٹر عاصم کے وکیل عامر رضا نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا جائے۔ فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ ملزم کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ میں دیا جا رہا ہے، تاہم ڈاکٹر عاصم بدعنوانی کے مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے تک نیب کی تحویل میں رہیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عاصم نے استدعا کی کہ انہیں حراست میں 120 دن ہوگئے ہیں، لیکن آج تک وارنٹ گرفتاری نہیں دکھایا گیا، نا ہی ابھی تک کسی قسم کے شواہد پیش کئے گئے ہیں، اس دوران ان سے 18 مرتبہ نیب اور تفتیشی اداروں نے تفتیش کی، اب مزید تفتیش نہ کی جائے، عدالت میں ڈاکٹر عاصم خود ہی نیب کی تحویل کے ایام میں کمی کیلئے التجائیں کرتے رہے، بولے پلیز جج صاحبہ کوئی قریب کی تاریخ دے دیں۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو 30 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، تاہم جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے تک وہ نیب کی تحویل میں رہیں گے۔ سائیں سرکار کے زیر انتظام جیل اور پولیس کی تحویل حاصل نہ ہونے پر ڈاکٹر عاصم بہت پریشان اور مایوس نظر آئے، تسبیح پڑھتے رہے، مگر فی الحال انہیں یہ ہفتہ نیب کے پاس ہی گزارنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 507061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش