0
Saturday 26 Dec 2015 07:36

ہفتہ وحدت عالم اسلام کو باہمی محبت و اخوت کا درس دیتا ہے، ڈاکٹر سید شفقت شیرازی

ہفتہ وحدت عالم اسلام کو باہمی محبت و اخوت کا درس دیتا ہے، ڈاکٹر سید شفقت شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت شیرازی نے آمد رسول اکرم اور ہفتہ وحدت سے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام جہان اسلام کے مسلمانوں اور مسیحیت کو اللہ تبارک و تعالٰی کے دو اولی العزم اور صاحبان کتاب انبیاء جو کہ ظلمات کو نور سے منور کرنے والے ہیں، ان انوار کی ولادت باسعادت کے ایام مبارک ہوں۔ جن کی آمد سے شیاطین روسیاہ اور مایوس ہوئے، یہ ایک طرف ہم سب مسلمانوں اور عیسائی برادری کو باہمی اخوت و محبت کا پیغام دیتے ہیں اور انشاءاللہ حقیقت محمدیہ کا آخری سورج طلوع ہونے کے دن قریب ہیں اور اس یوسف زہراء کی آمد پر یوسف مریم بھی تشریف لائیں گے، ظلم و جور کا مل کر خاتمہ کر دیں گے اور کائنات کو عدل و انصاف نصیب ہوگا۔ آج ہمیں مل کر اس ظلمت و جہالت کا مقابلہ کرنا ہے، جو پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ بن چکے ہیں اور مساجد، چرچ اور خدا کے ہر قسم کے عبادت خانوں کو تباہ و برباد کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مرشحین صیہونی اور مسلم صیہونی مل چکے ہیں تو ان کے مدمقابل حقیقی اسلام محمدی اور مسیحت کے پیروکاروں کو متحد ہونا ہوگا۔ دوسری طرف وہابیت اور تکفیریت ایک عرصہ سے فتنہ و فساد پھیلا رہی ہے اور اب کھل کر شیعہ سنی جنگ کے لئے لشکرسازی کا اعلان ہوچکا ہے۔ آل سعود جو کئی ایک اسلامی ممالک پر ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ حملہ آور ہو کر ملین بیگناہ مسلمانوں کو موت کی مسند پر سلا چکے ہیں اور پرامن ممالک کی اینٹ سے اینٹ بجا چکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ منجی بشریت کی آمد کے موقع پر حقیقی پیروان رسالت کو اکٹھا ہوکر میراث رسول کو بچانا ہوگا اور دنیا کے سامنے اسلام ناب محمدی کا اصلی چہرہ لانا ہوگا۔ وہ چہرہ کہ جو صرف امن و آشتی کا پیغام دیتا ہے۔ ہفتہ وحدت کے عظیم موقع پر شیعہ سنی کے اکٹھے اجتماعات سے دشمن کے سارے حربے ناکام ہوجائیں گے اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب اسلام ناب محمدی کا پرچم حقیقی پیروکاروں کے ہاتھ میں ہوگا اور وہ دنیا کو عدل و انصاف فراہم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 508008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش