0
Sunday 27 Dec 2015 21:57

نیویارک میں سوٹ کیس کو بم کہنے پر پاکستانی نوجوان گرفتار

نیویارک میں سوٹ کیس کو بم کہنے پر پاکستانی نوجوان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ جنوبی افریقا سے نیویارک سٹی جانے والے ایک پاکستانی نوجوان کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا، جب اس نے بروکلن کے ایک ہوٹل میں اپنے سوٹ کیس کو’ بم ‘ قرار دیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جہانزیب ملک امریکا چھٹیاں گزارنے آیا تھا اور ہوٹل میں تلاشی کے طویل مراحل سے اکتا کر اس نے اپنے بیگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بم ہے، جس کے بعد لائن میں کھڑے افراد خوفزدہ ہو گئے اور انتظامیہ نے فوراً پولیس کو بلوا لیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچتے ہی جہانزیب کو گرفتار کر لیا، جب کہ جہانزیب کے وکیل راجراسمر کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل نے اپنے سامان کو بم کہا تھا جو عام طور پر کسی غیرمعمولی شے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ جہانزیب کے وکیل کے مطابق ایف بی آئی نے ان کا پورا سامان چیک کر کے انہیں کلیئر قرار دیا ہے، لیکن اب بھی اسے جیل میں رکھا گیا ہے، جو ایک پاکستانی کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ وکیل کے مطابق جہانزیب نے استقبالیہ پر موجود لڑکی سے دوستانہ بات کی تھی اور کہا تھا کہ اس کے پاس 2700 ڈالر کے علاوہ 5 ہزار ڈالر کا بم بیگ ہے، جس پر لڑکی نے خوفزدہ ہو کر پولیس کو طلب کر لیا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا، تاہم جہازیب کے وکیل کا موقف ہے کہ ان کے موکل کا رویہ شاید فلرٹ کے زمرے میں آتا ہے اور ایک 24 سالہ نوجوان سے یہ حرکت ہو سکتی ہے۔ 

جہانزیب جنوبی افریقا کی ایک نجی فضائی کمپنی میں اپنے ماموں کے ساتھ ملازمت کرتا ہے۔ ان کے ماموں جاوید ملک کا کہنا ہے کہ جہانزیب نیا سال امریکا میں منانا چاہتا تھا تاہم اب گرفتاری کے بعد جہانزیب کی ضمانت کے لئے ایک لاکھ ڈالر درکار ہیں اور اتنی خطیر رقم موجود نہیں۔ انہوں نے امریکی صدرباراک اوباما سے مدد اور رحم کی درخواست کی ہے، جب کہ جہانزیب کو غلط بیانی کرنے پر پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائےگا۔
خبر کا کوڈ : 508453
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش