0
Tuesday 5 Jan 2016 21:28

کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی 2 دہشتگرد گرفتار

کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی 2 دہشتگرد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم لشکر جھنگوی کے دو دہشتگرد گرفتار کر لئے ہیں، گرفتار دہشتگرد 2014ء میں نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے میں بھی ملوث ہیں، جس میں 3 کارکنان ہلاک ہوئے تھے۔ ڈی آئی جی کراچی غربی فیروز شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ناظم آباد پولیس نے ٹارگٹ کلرز کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن کی شناخت ثاقب اور نوید کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے، یہ گروپ 2014ء سے کراچی میں اپنی کارروائیوں میں ملوث تھا، کراچی کا امن سبوتاژ کرنے میں اس گروپ کا بہت بڑا کردار تھا، دہشتگرد مختلف ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے ماسٹر مائند بھی ہیں، اس گروپ کے زیادہ تر ارکان کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے ہے، جبکہ ان کے ساتھیوں میں کاشف، عمران، سرفراز، جاوید آفریدی، ریحان، کامران، قاری رشید اور قاری محسن بھی شامل ہیں، جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہے۔

فیروز شاہ نے بتایا کہ ثاقب اور نوید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 2014ء میں ناظم آباد میں ایکسپریس نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کرکے 3 کارکنوں کو ہلاک کیا تھا، یہی دہشتگرد شہر میں فرقہ وارانہ طور پر پولیس اہلکاروں اور دیگر اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں، جن میں 7 پولیس اہلکار اور دیگر 6 افراد بھی شامل ہیں، دہشتگردوں کے قبضے سے جو اسلحہ ملا ہے، اسی اسلحے سے ایکسپریس نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی کے لئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے بھی دو مختلف واقعات میں ملوث ان کلرز کی گرفتاری پر انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔
خبر کا کوڈ : 510499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش