0
Thursday 4 Feb 2016 23:37

اسحاق ڈار کا ملک میں مہنگائی 12 سال کی کم ترین سطح پر لانے کا دعویٰ

اسحاق ڈار کا ملک میں مہنگائی 12 سال کی کم ترین سطح پر لانے کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق نے ملک میں مہنگائی کی شرح 12 سال کی کم ترین سطح پر لانے کا دعویٰ کیا ہے۔ دبئی میں آئی ایم ایف کی ٹیم سے مذاکرات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں چیلنجز کے باوجود پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پسماندہ اور کمزور طبقے کے لئے معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، کیمیکل، آٹو موبائل اور فرٹیلائز کے شعبے میں کارکردگی بہتر ہوئی ہے جب کہ خسارے سے نکال کر اداروں کو مستحکم کریں گے اور ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مزید مراعات دیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام معاشی اشاریئے بہتر ہیں اور وقت سے پہلے معاشی اہداف حاصل کر رہے ہیں، مجموعی قومی پیداوار 5 فیصد سے اوپر لے جانے کیلئے کام کر رہے ہیں جب کہ رواں برس 4.5 فیصد شرح نمو کا ہدف حاصل کرلیں گے، ملک میں مہنگائی کی شرح 12 سال کے دوران کم ترین سطح پر ہے اور اس وقت افراط زر کی شرح کم ہو کر 2.1 فیصد ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کو معیشت کی بہتری کاحصہ بنا رہے ہیں، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور مالیاتی شعبے میں بہتری کے لئے مسلسل اصلاحات کررہے ہیں، مالیاتی نظم و نسق پر سختی سے عمل کررہے ہیں، امید ہے ٹیکس اہداف کےحصول کیلیے ایف بی آر مزید مثبت اقدامات کرے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ترقیاتی بجٹ دو گنا کردیا گیا ہے جب کہ تاجروں کے لئے ایمنسٹی اسکیم دی جو پہلے کبھی نہیں دی گئی، مارچ 2018 تک سسٹم میں 10 ہزارمیگاواٹ بجلی لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں جب کہ حکومت کے ہائر ایجوکیشن پروگرام سے ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 518294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش