0
Friday 5 Feb 2016 19:34

ملتان، جماعتہ الدعوہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ''یکجہتی کشمیر کارواں''

ملتان، جماعتہ الدعوہ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة اور نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملتان کے چوک کچہری سے چوک نواں شہر تک بڑا یکجہتی کشمیر کارواں نکالا گیا جس میں جماعة الدعوة، المحمدیہ سٹوڈنٹس، تحریک آزادی وجموں کشمیر، نظریہ پاکستان کونسل، تاجر تنظیموں کے کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ یکجہتی کشمیر کارواں کی قیادت جماعة الدعوة کے سینئر رہنما اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی چئیرمین حافظ عبدالرئوف، امیر جماعة الدعوة ملتان میاں سہیل احمد، تاجر رہنما عزیز احمد خان و دیگر نے کی۔ اس موقع پر سبز ہلالی پرچم اٹھائے کارواں کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔ چوک نواں شہر پر کارواں کے اختتام پر جماعة الدعوة کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے جماعة الدعوة کے سینئر رہنما اور مرکزی چئیرمین فلاح انسانیت فاونڈیشن پاکستان حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ آج پاکستانی قوم نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکل کر کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ کشمیری جدوجہد آزادی میں اکیلے نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔ انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ پاکستان کشمیریوں کا محافظ ہے، حکمران تجارت و راہدای کے مسئلہ پر کشمیر کو قربان نہ کریں۔ اقوام متحدہ و دیگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا دوہرا معیار واضح ہو چکا ہے۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قائداعظم کے جملہ کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم، آرمی چیف، تمام کشمیری تنظیموں اور پاکستانی سیاستدانوں سے گزارش ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ایک موقف اپنائیں۔

امیر جماعة الدعوة ملتان میاں سہیل احمد نے کہا کہ کشمیریوں نے مودی کا پیکج ٹھکرا کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔ مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد بھارت میں مسلمانوں پر مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گائے کے ذبیحہ پر پابندی ہے اور بھارت سرکار کو امریکہ کی آشیر باد حاصل ہے۔ کشمیری عوام پچاس سالوں سے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ہم انکی جرات و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ تاجر رہنما عزیز احمد خان، جماعة الدعوة کے رہنما عبدالرحمن سیاف، تحریک آزادی وجموں کشمیر کے رہنما غازی ابو طارق نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستانی سیاستدان کشمیریوں کی صحیح وکالت کا حق ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔ عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر ہو رہا ہے۔ کشمیرکی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 518358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش