0
Saturday 6 Feb 2016 17:17

سعودی عرب شام میں زمینی فوج بھیجنے کی جرائت نہیں کرسکتا، یہ خودکشی کے برابر ہوگا، محمد علی جعفری

سعودی عرب شام میں زمینی فوج بھیجنے کی جرائت نہیں کرسکتا، یہ خودکشی کے برابر ہوگا، محمد علی جعفری
اسلام ٹائمز۔ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ خطے میں اسلامی مزاحمت کے محاذ کے خلاف سارے اقدامات ناکام ہوچکے ہیں۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ہفتے کو تہران میں ایک پروگرام میں تقریر کے دوران کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باوجود اسلامی انقلاب روز بروز ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے۔ سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل جعفری نے کہا کہ جب تسلط پسندانہ نظام سرحدوں پر دھونس و دھمکی کے ذریعے اسلامی مزاحمتی محاذ کو نقصان نہیں پہنچا سکا تو اس نے لبنان، فلسطین، شام اور عراق جیسے ملکوں میں جنگ کی آگ بھڑکا دی۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تسلط پسندانہ نظام یہ بات سمجھ چکا ہے کہ اسلامی مزاحمت کے خلاف کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے، کہا کہ آٹھ سالہ مقدس دفاع ایک عظیم الہی کارنامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم کارنامے کی آج بھی علاقے اور دنیا کے مختلف علاقوں میں تکرار ہو رہی ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ایران میں پایا جانے والا غیر معمولی استحکام اور بے مثال سلامتی شہیدوں کے خون کی مرہون منت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اب تک بہت سے خطرات کا مقابلہ کیا ہے اور ان تمام خطروں اور یلغاروں کے مقابلے میں جو چیز ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوتی رہی ہے، وہ مسلح افواج اور خاص طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ہمہ وقت آمادگی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ محمد علی جعفری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اس حوالے سے جرات کا فقدان ہے کہ وہ اپنے زمینی دستوں کو منصوبہ بندی کے ساتھ شام بھیجے۔ ساتھ ہی انھوں نے خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب نے ایسا کیا تو ان کی فورسز کو ختم کر دیا جائے گا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق محمد علی جعفری کا یہ بیان، حریف ملک سعودی عرب کی جانب سے شام میں زمینی آپریشن میں شمولیت کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان کے بعد ایران کی جانب سے پہلا سرکاری بیان ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ اگر امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک شام میں داعش کے خلاف زمینی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو وہ بھی اپنی فوج بھیجنے کے لئے تیار ہے۔ محمد علی جعفری نے کہا کہ سعودی عرب نے یہ دعویٰ تو کر دیا ہے لیکن میرا نہیں خیال کہ وہ اتنے بہادر ہیں کہ ایسا کریں گے اور اگر ایسا ہو بھی گیا تو ان کو لازمی شکست سے دوچار ہونا پڑے گا، یہ خودکشی کے برابر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 518746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش