0
Wednesday 20 May 2009 13:51

اسرائیلی رژیم کو کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا: سید حسن نصراللہ

اسرائیلی رژیم کو کبھی بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا: سید حسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے جنرل سیکرٹری سید حسن نصراللہ نے اسرائیل کو علاقے میں موجود تمام بدامنیوں اور اب تک ہونے والی تمام جنگوں کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا: "اسرائیلی رژیم ایک ناجائز رژیم ہے اور ہر گز جائز نہیں ہو سکتی"۔ وہ اسرائیل کی 61 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے المنار ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ظالم اسرائیل کے قیام کو، جو دوسروں کی سرزمین کو غصب کرنے، بے گناہ افراد مخصوصاً عورتوں اور بچوں کے قتل عام اور اس سرزمین کے ساکنین کو اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے ذریعے معرض وجود میں آیا ہے، یاد کرتے ہوئے کہا: "ایسی رژیم جو غصب، بے گناہ افراد کے قتل عام، ساکنین کو گھروں سے نکال باہر کرنے اور ناجائز قبضے کے ذریعے وجود میں آئے وہ کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتی اور کبھی بھی جائز قرار نہیں دی جا سکتی"۔ حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری نے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا: "ہماری پچھلی، موجودہ اور آنے والی نسلوں کو علاقے میں اس کینسرس رژیم کی موجودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والے منفی اثرات اور اسکے نتائج کو اچھی طرح سمجھنا چاہیئے اور یہ جان لینا چاہیئے کہ اس علاقے میں اب تک جو جنگیں انجام پا چکی ہیں وہ صرف اور صرف اس حکومت کی خود غرضی اور ظلم کی وجہ سے ہم پر تھونپی گئی ہیں اور اسکا جو مقابلہ عرب قوموں، عرب فوجوں اور اسلامی مزاحمت نے کیا ہے وہ اس جاہ طلبی کے خلاف محض ایک ردعمل کی حیثیت رکھتا ہے"۔ سید حسن نصراللہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلم امہ، عرب دنیا اور دنیا کے آزاد منش انسان فلسطین کو آزاد کرانے کی نسبت بھاری ذمہ داری رکھتے ہیں کہا: "فلسطینی عوام نے ان تمام مصیبتوں اور مشکلات کے باوجود جو وہ 61 سال سے برداشت کرتے آ رہے ہیں کبھی بھی صیہونیست دشمن کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا"۔
خبر کا کوڈ : 5336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش