0
Sunday 17 Apr 2016 10:00
ایران کیخلاف کسی جارحیت کی صورت میں جارح کے ہاتھ کاٹ دیں گے

اسلامی ممالک کی طاقت کو اپنی طاقت اور ایران کی طاقت کو اسلامی ممالک کی طاقت سمجھتے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

ایران کی مسلح افواج کی طاقت پڑوسی اور اسلامی ممالک کیخلاف نہیں
اسلامی ممالک کی طاقت کو اپنی طاقت اور ایران کی طاقت کو اسلامی ممالک کی طاقت سمجھتے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کی طاقت پڑوسی اور اسلامی ممالک کے خلاف نہیں ہے۔ ایرانی صدر نے یوم افواج کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے فرمان اور وصیت نیز سپریم کمانڈر حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی تدبیر اور فہم و فراست کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج، اسلامی فوج، اسلامی نظام کی فوج اور پوری ملت ایران کی فوج ہے۔ ایران کے صدر نے کہا کہ آج ایرانی قوم اس فوج پر فخر کرتی ہے، جو طاقتور اور مقتدر ہے، مذہبی و اسلامی محرکات کے ساتھ قومی مفادات کی فکر میں ہے اور جو ایران کی جغرافیائی، سیاسی اور ثقافتی سرحدوں نیز عوام کی جان و مال کی محافظت کر رہی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر آپ آج دیکھ رہے ہیں کہ سامراجی طاقتیں اور ان کے ایجنٹ علاقے میں ایران کو للچائی ہوئی نظروں سے نہیں دیکھ سکتے تو یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقتور اور مقتدر مسلح افواج کی مرہون منت ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ میں یہاں واضح طور پر اعلان کر رہا ہوں، اسی طرح جیسے چند دن پہلے میں نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے سامنے اعلان کیا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران کی فوجی، سیاسی اور اقتصادی طاقت اپنے ہمسایوں اور جہان اسلام کے ممالک کے خلاف نہیں ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم اسلامی ممالک کی طاقت کو اپنی طاقت اور ایران کی طاقت کو اسلامی ممالک کی طاقت سمجھتے ہیں۔

ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے سامنے کہا تھا کہ جس دن بغداد پر دہشتگردوں کے قبضے کا خطرہ تھا، یہ اسلامی جمہوری ایران ہی تھا جس نے عراقی عوام، حکومت اور فوج کے آواز پر مثبت جواب دیا اور بغداد و حرم ہای مطہر و عتبات کا دفاع کیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ جس دن دمشق پر دہشتگردوں کے قبضے کا خطرہ تھا تو یہ اسلامی جمہوری ایران اور ہمارے جانبازان ہی تھے، جنہوں نے شامی عوام اور حکومت کی آواز پر مثبت جواب دیا اور ہمارے بھیجے ہوئے مشاورین نے اس ملک کے دارالحکومت اور حرم ہای مطہر کا دفاع کیا۔ ایرانی صدر نے یاد دلایا کہ میں نے وہاں پر یہ بھی کہا تھا کہ اگر کل کو اگر کسی اور اسلامی ملک کے دارالحکومت کو بھی دہشتگردوں یا صیہونیوں سے خطرہ ہوا، اور وہاں کی عوام اور حکومت نے مدد مانگی تو اسلامی جمہوری ایران ان کی آواز پر بھی مثبت جواب دے گا۔

ایرانی صدر نے تاکید کیساتھ کہا کہ دشمن یہ فکر نہ کرے کہ ہماری ملت، حکومت اور مسلح افواج کے درمیاں شگاف ہے، ہم سب ایک ہاتھ کی انگلیاں ہیں، ہم سب ایک پیکر بزرگ، جس کا نام ایران ہے، اسکے اعضا ہیں، ہم آج کسی بھی دوسرے زمانے سے مقتدر تر اپنے ملک اور اس کے مفادات کا دفاع کریں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ میں سازشی عناصر سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری مسلح افواج کی طاقت مشرقی، مغربی، شمالی اور جنوبی ہمسایوں کے خلاف نہیں بلکہ ہماری طاقت اسلامی جمہوری ایران کے دفاع کے لئے ہے اور ہماری طاقت دفاعی طاقت ہے۔ ایرانی صدر نے یہ بھی وضاحت کی کہ ہم دھمکی کے مقابلے میں دھمکی دیتے ہیں، البتہ کسی جارحیت کی صورت میں جارح کے ہاتھ کاٹ دیں گے، لیکن ہماری منطق صلح، اخوت اور برادری پر مبنی ہے، بالخصوص اپنے ہمسایوں اور جہان اسلام کے حوالے سے۔

واضح رہے کہ 17 اپریل کی تاریخ ایران میں یوم افواج کے طور پر منائی جاتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں صدر حسن روحانی کی موجودگی میں یوم مسلح افواج کی مناسبت سے فوجی دستوں نے پریڈ کی۔ تہران میں ہونیوالی مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب میں ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے علاوہ مسلح افواج کے اعلٰی کمانڈر، فوج کے سربراہ میجر جنرل صالحی، مسلح افواج کی مشترکہ کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل فیروز آبادی، بری فوج کے سربراہ جنرل پوردستان بھی موجود تھے۔ تہران میں یوم مسلح افواج کی شاندار تقریب حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم کے قریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایرانی مسلح افواج نے اپنے جدید ترین ہتھیاروں کی نمایش کی اور صدر حسن روحانی نے اس تقریب سے خطاب کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا، تاہم یہ اضافہ دفاعی نوعیت کا ہوگا، تاکہ مشرق وسطٰی کے تنازعات کے اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے، ہماری فوج، سیاسی اور اقتصادی طاقت کسی ہمسایہ ملک یا اسلامی دنیا کے خلاف نہیں۔ جب بغداد دہشت گردوں کے خطرے کا سامنا کر رہا تھا، ایران نے وہاں کے عوام، فوج اور حکومت کی اپیل پر ردعمل ظاہر کیا اور وہاں موجود مقدس مقامات کی حفاظت بھی کی۔ ایرانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں اتوار کے روز بری فوج کے دن کے موقع پر جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی گئی، جس میں روس سے حاصل کردہ میزائل دفاعی نظام ایس 300 بھی شامل تھا۔ جنوبی تہران میں منعقدہ اس فوجی پریڈ میں میزائل نظام ایس 300 کی ٹیوبز اور ریڈار آلات دکھائی دیئے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران دفاعی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے، لیکن دھمکیوں کے مقابلے میں دھمکی دیتا اور جارحیت کے بدلے میں جارح کے ہاتھ کاٹ دیتا ہے، سازشیں کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی مسلح افواج کی طاقت ایران کے دفاع کے لئے ہے۔ تقریب امام خمینی کے حرم کے قریب منعقد ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 533835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش