0
Sunday 12 Jun 2016 23:59

سیدہ زینب ؑ کے مزار کے قریب خودکش دھماکہ بزدلانہ اور غیر انسانی اقدام ہے، علامہ سید ساجد نقوی

سیدہ زینب ؑ کے مزار کے قریب خودکش دھماکہ بزدلانہ اور غیر انسانی اقدام ہے، علامہ سید ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے دمشق میں پیغمبر گرامی کی نواسی کے مزار مقدس کے قریب بم دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور سانحہ کی شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں تنظیم کے مرکزی دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ علامہ سید ساجد نقوی نے گذشتہ روز شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع پیغمبر اسلام کی نواسی، دختر امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ، حضرت سیدہ زینب ؑ کے مزار مقدس کے قریب خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 20 سے زائد زائرین کی شہادت اور مزار کے اطراف کو پہنچنے والے جزوی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہا ر کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہذیب و شائستگی، اعلٰی انسانی اوصاف و اقدار سے عاری شرپسند عناصر کی جانب سے یہ بزدلانہ فعل اور غیر انسانی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقدس و برگزیدہ ہستیوں کی مزارات کی بے حرمتی، انسانی جانوں کا ضیاع نہ صرف اسلامی و قرآنی تعلیمات کے سراسر منافی ہے، بلکہ دنیا کا کوئی بھی مذہب و مسلک اس کی قطعاً اجازت نہیں دیتا، یہی وجہ ہے کہ اس گھناﺅنے اقدام سے نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ پوری دنیا میں اس واقعہ پر گہری تشویش اور مذمت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی اور احترام کرتے ہوئے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اور واضح لائحہ عمل طے کرے۔
خبر کا کوڈ : 545274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش