0
Tuesday 21 Jun 2016 10:54

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کراچی سے اغوا

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کراچی سے اغوا
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے کراچی کے شاپنگ سینٹر سے لاپتہ ہوگئے، جن کی تلاش کیلئے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے اویس شاہ کلفٹن کے معروف سپر اسٹور میں خریداری کیلئے گئے تھے، اور اسٹور سے باہر نکلنے کے بعد وہ جیسے ہی اپنی گاڑی میں بیٹھنے کیلئے پارکنگ کی جانب روانہ ہوئے، تو اس دوران وہاں کھڑی کار میں سوار افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر گاڑی میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اویس شاہ کا فون دوپہر سے بند ہے، تاہم پھر بھی ان کے فون کو لوکیٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ سپر اسٹور کی پارکنگ عملے کے 5 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق اویس شاہ کو سفید رنگ کی کار میں سوار 4 مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا، اور زبردستی گاڑی میں بٹھایا، جبکہ چاروں افراد نے پی کیپ لگا رکھی تھی اور گاڑی پر ہرے رنگ کی نمبر پلیٹ لگی تھی۔ پولیس نے سپر اسٹور اور اس کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی، جن کی مدد سے اویس شاہ کی تلاش کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی گاڑی شون سرکل سے ملی ہے، جس پر سے فنگر پرنٹس بھی لے لئے گئے ہیں۔ دوسری جانب گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اویس شاہ کی بازیابی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ میڈیا کو حاصل اویس شاہ کی کلفٹن کے شاپنگ سینٹر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں شاپنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ فوٹیج میں مبینہ طور پر انہیں لے جانے والی گاڑی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 547490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش