0
Thursday 17 Feb 2011 13:08

تعلیمات نبوی سے پہلے بھی انقلاب آیا اور آج بھی تعلیمات نبوی پر چل کر ہی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے،منور حسن

تعلیمات نبوی سے پہلے بھی انقلاب آیا اور آج بھی تعلیمات نبوی پر چل کر ہی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے،منور حسن
کراچی:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ حضور اکرم ص کی سیرت رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ معاشرے میں تعلیمات نبوی ص عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے خلاف انقلاب آنا ہے وہی انقلاب کی بات کر رہے ہیں، ہمارا معاشرہ ایک مذہبی معاشرہ ہے، عوام بے روزگار ی کے لیے جان نہیں دیں گے لیکن ناموس رسالت کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت مقامی ہوٹل میں معززین شہر کے ساتھ’’عہد حاضر کے مسائل اور حضور ص کی رہنمائی‘‘ کے زیر عنوان منعقدہ محفلِ سیرت النبی ص سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفلِ سیرت النبی ص سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے رہنما برجیس احمد، ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، نصر اللہ خان شجیع، سید محمد اقبال، حافظ نعیم الرحمن، جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبدالرؤف، مفتی انعام الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔
سید منورحسن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج تعلیمات نبوی عام کرنے کی ضرورت ہے، تعلیمات نبوی سے پہلے بھی انقلاب آیا تھا اور آج بھی تعلیمات نبوی پر چل کر ہی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ص کے پیش نظر ایک مشن تھا اس لیے حضور اکرم ص کی زندگی کے مشن کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج چاروں طرف منکرات اور ظلم کا جنگل ہے ظلم کی وجہ سے عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں چند افراد نے ملکی وسائل پر قبضہ کر لیا ہے۔ جن کے خلاف انقلاب آنا ہے آج وہی انقلاب کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا عالمی سطح پر دہشت گردی کر رہا ہے مگر آج افغانستان امریکا کا قبرستان بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسنی مبارک ایک فرد نہیں ایک رویے کا نام ہے۔ آج امریکا کے سارے قلعے مسمار ہو رہے ہیں۔ مغربی تہذیب کے بت ٹوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گو امریکا گو کی تحریک ظلم اور استعمار کے خلاف تحریک ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔ حضور اکرم ص کی تعلیمات میں آج کے مسائل کا حل موجود ہے۔ حضور ص کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 55206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش