0
Monday 1 Aug 2016 10:21

کابل، غیر ملکیوں کے گیسٹ ہاؤس پر طالبان کا حملہ

کابل، غیر ملکیوں کے گیسٹ ہاؤس پر طالبان کا حملہ
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیر ملکیوں کے ایک گیسٹ ہاؤس کے قریب طالبان کے ٹرک بم حملے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بارود سے بھرے ہوئے ٹرک کو گیسٹ ہاؤس کی دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہونے والا دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں۔ کابل کے پولیس چیف عبدالرحمٰن رحیمی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بارود سے بھرے ہوئے ایک ٹرک کو گیسٹ ہاؤس کی دیوار سے ٹکرایا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ بعدازاں حملہ آور غیر ملکی فورسز کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے تاہم افغان اسپیشل فورسز نے کمپاؤنڈ میں داخل ہوکر 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

پولیس چیف کے مطابق واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا جبکہ دیگر 3 زخمی ہوئے۔ رحیمی نے حملہ آوروں کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں گیسٹ ہاؤس کا عملہ اور مہمان محفوظ رہے، جبکہ ہوٹل کے گیٹ پر تعینات گارڈز سے مدد طلب کرنے والے 2 طالبان حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور ہلاک ہو گئے۔ طلوع کے مطابق جس وقت حملہ ہوا، اس وقت گیسٹ ہاؤس میں 11 غیر ملکی، عملے کے 9 ارکان اور 26 گارڈز موجود تھے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹرک بم حملے کے بعد حملہ آو راکٹ، گرنیڈز اور دیگر ہتھیاروں سے لیس ہوکر کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے۔ طالبان ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ حملے میں 100 سے زائد 'امریکی جارحیت پسند' ہلاک اور زخمی ہوئے۔ طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق رات ڈیڑھ بجے کے قریب ہونے والے اس حملے کے بعد افغان کمانڈوز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ جائے وقوع سے گرنیڈ حملوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
خبر کا کوڈ : 556935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش