0
Friday 5 Aug 2016 17:49

لاہور، علامہ عارف حسینی کی برسی کے موقع پر یوم عزا منایا گیا

لاہور، علامہ عارف حسینی کی برسی کے موقع پر یوم عزا منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام قائد ملت جعفریہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے یوم شہادت پر ملک بھر میں یوم عزاء منایا گیا، چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی تمام مساجد و امام بارگاہوں میں مجالس عزاء و قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور کی جامع مساجد میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی یوم شہادت پر آئمہ جمعہ جماعت نے شہید کے افکار اور اتحاد امت کیلئے کوششوں کو خراج عقیدت پیش کیا، مساجد و امام بارگاہوں کے باہر اسلام آباد میں منعقدہ برسی علامہ شہید عارف حسین الحسینی کے اجتماع کی تشہیری مہم کیلئے کیمپس بھی لگائے گئے۔ جامع مسجد سمن آباد میں خطبہ جمعہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ سید امتیاز کاظمی نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی وہ شخصیت ہیں کہ جنہوں نے استعماری قوتوں کیخلاف پاکستان کی سرزمین پر سب سے پہلے قیام کیا اور ان کو اسی جرم میں انہی استعماری ایجنٹوں نے شہید کیا، آج یہی دشمن پوری دنیا میں عبرت کا نشان بنا ہوا ہے، ہم ملت جعفریہ پاکستان اپنے محبوب شہید قائد کے مشن کو ادھورا نہیں چھوریں گے۔

انہوں نے کہا شہید کے شاگرد اور ان کے پیرو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری آج اس ملت مظلوم کیلئے ایک امید کی کرن ہیں، ملت تشیع کے حقوق اور قائداعظم و علامہ اقبال کے پاکستان کے تحفظ کیلئے پوری قوم اپنے عظیم رہنما علامہ راجہ ناصر عباس کیساتھ ہے۔ جامع مسجد اعظم کلاتھ مارکیٹ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ سید مبارک علی الموسوی نے کہا کہ شہید عارف کے فرزند آج بھی میدان عمل میں ہیں اور ہم ملک قوم کے بدترین دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ جامع مسجد نشتر ٹاوُن میں خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ ناظم رضا رعترتی نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت سے اس قوم کو نیا ولولہ ملا ہے، دشمن کے ارادے خاک میں مل گئے ہیں، آج پوری قوم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں متحد ہے اور انشااللہ ہم اس ملک کے بانیان کے فرزندان ہیں اور یہاں کسی استعماری ایجنٹ کو مسلط نہیں ہونے دینگے۔

جامعہ مسجد اچھرہ، مسجدالحسن وحدت کالونی، جامع مسجد ٹاون شپ، جامع مسجد گرین ٹاون، جامعہ مسجد فیصل ٹاوُن، جامع مسجد گلبرگ، جامع مسجد مکہ کالونی، جامع مسجد جوہر ٹاوُن، جامع مسجد نشاط کالونی، جامع مسجد اسلام پورہ، جامع مسجد کھاڑک، جامع مسجد بھوبتیاں، جامع مسجد رائیونڈ، جامع مسجد مانگا منڈی، جامع مسجد شامکے بھٹیاں، امامیہ کالونی، شاہدرہ، راوی ریان، وسن پورہ، شادباغ، شالیمار ٹاون سمیت لاہور کی دیگر مساجد و امام بارگاہوں میں یوم عزاء کے روح پرور محافل منعقد کی گئیں جن میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 558138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش