0
Friday 5 Aug 2016 17:18

روس ایران کو خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کا اہم ترین عامل سمجھتا ہے، ولادیمیر پوتن

روس ایران کو خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کا اہم ترین عامل سمجھتا ہے، ولادیمیر پوتن
اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کو خطے میں امن و استحکام کا اہم ترین محرک قرار دیا ہے۔ آذر بائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ان کا ملک، ایران کو وسطی ایشیا کے عظیم علاقے اور کیسپیئن سی سے لیکر مشرق وسطٰی تک، امن و استحکام کے تحفظ کا اہم ترین عامل سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ علاقائی معاملات میں تعاون کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صدر پوتن کا کہنا تھا کہ روس اور ایران کے تعلقات اسٹریٹیجک ہیں اور ہم تہران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران روس ایران تجارت میں ستر فی کا اضافہ ہوا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ ایران اور یوریشیا فری ٹریڈ زون کے قیام سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے ماہرین، ایران یوریشیا فری ٹریڈ زون کے قیام سے متعلق رابطے میں ہیں اور اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے پر دونوں ملکوں کے درمیان جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس، ایران میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے دو اعشیاریہ دو ارب یورو کا سرمایہ بھی فراہم کرے گا۔ روس کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ایٹمی شعبے میں بھی ایران کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی ماہرین یورینیئم کی افزودگی اور اسٹیبل آئیسوٹوپ کی تیاری میں ایران کے ساتھ تعاون کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ روسی صدر طے شدہ پروگرام کے مطابق آئندہ پیر کے روز جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 558396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش