0
Friday 19 Aug 2016 23:30

پیپلزپارٹی ورکرز کا وزیراعظم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

پیپلزپارٹی ورکرز کا وزیراعظم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی ورکرز کے رہنما صفدر عباسی اور ناہید خان نے وزیراعظم نواز شریف سے پانامہ لیکس کے معاملے پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ چھبیس اگست کو راولپنڈی سے کرپشن کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صفدر عباسی اور ناہید خان نے کہا کہ حکومت مفلوج ہو چکی ہے، نوازشریف خود کو بچانے میں مصروف ہیں۔ ٹی او آرز کے نام پر پاناما لیکس کی تحقیقات کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کے پیسے کو ذاتی تجوری کے طور پر استعمال کیا گیا۔ بلاول بھٹو سندھ میں اپنے والد اور خاندان کے افراد کی بدعنوانیوں کو تحفظ فراہم کرنے والوں کو گھر بھیجیں۔ صفدر عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قریب ایسی شخصیات ہیں جن پر وہی الزامات ہیں جو نوازشریف اور ان کے بچوں پر ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی فنڈز میں خردبرد کا حساب دیں۔ عمران خان کا آصف زرادری اور ان جیسے سیاستدانوں کے ساتھ ملکر کرپشن کے خلاف تحریک چلانا عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ صفدرعباسی کا کہنا تھا مرادعلی شاہ کے وزیراعلی بننے سے سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ 8 سال میں کرپشن کے پیسے مرادعلی شاہ کے ہاتھوں سے ہی گئے اور کس کے پاس گئے یہ بھی وہ جانتے ہیں۔ پیپلزپارٹی ورکرز چھبیس اگست کو راولپنڈی، دو ستمبر کو چیئرنگ کراس لاہور اور نو ستمبر کو ملتان میں کرپشن کیخلاف احتجاج کریگی۔
خبر کا کوڈ : 561652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش