0
Thursday 25 Aug 2016 16:11

گرفتار متحدہ کارکنان نے بھی پاکستان زندہ باد، پاک آرمی زندہ باد، ڈی جی رینجرز زندہ باد کے نعرے لگا دیئے

گرفتار متحدہ کارکنان نے بھی پاکستان زندہ باد، پاک آرمی زندہ باد، ڈی جی رینجرز زندہ باد کے نعرے لگا دیئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے ایم کیو ایم کے 38 کارکنوں کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا، جبکہ کارکنان نے پولیس وین میں بیٹھنے کے دوران ’’پاکستان زندہ باد اور ’’ڈی جی رینجرز سندھ‘‘ زندہ باد کے نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور اس کے بعد نجی ٹی وی چینل پر حملے کے بعد حراست میں لئے گئے ایم کیو ایم کے 38 کارکنان کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کر دیا۔ اس موقع پر پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تمام ملزمان پر پاکستان مخالف اور غلیظ الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے، جبکہ ملزمان پر غداری، دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، اور مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار سمیت 1500 سے 2 ہزار افراد عدم گرفتار ہیں۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام ملزمان سے تفتیش کرنا ہے، اس لئے انہیں 14 روزہ ریمانڈ پر حوالے کیا جائے، تاہم عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تمام 38 ملزمان کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزمان کو کمرہ عدالت سے باہر لایا گیا، تو ایم کیو ایم کارکنان نے پاکستان زندہ باد، پاک آرمی زندہ باد، ڈی جی رینجرز سندھ زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج ہے، جبکہ مقدمے میں فاروق ستار کے علاوہ سابق سٹی ناظم حیدرآباد کنور نوید جمیل، قمر منصور اور شاہد پاشا بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 563107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش