0
Thursday 6 Oct 2016 21:24

بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کی ہمدردیاں سمیٹ رہا ہے، ہم سچ بول کر بھی دنیا کو اپنا ہمنوا نہیں بناسکے، سراج الحق

بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کی ہمدردیاں سمیٹ رہا ہے، ہم سچ بول کر بھی دنیا کو اپنا ہمنوا نہیں بناسکے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلالیتی ہے مگر اس کے پاس کسی سوال کا جواب نہیں ہوتا۔ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کی ہمدردیاں سمیٹ رہا ہے اور ہم سچ بول کر بھی دنیا کو اپنا ہمنوا نہیں بناسکے۔ ایوان کے اندر خرابیوں کی ذمہ دار اپوزیشن نہیں حکومت ہے جو اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے۔ غرور اور تکبر کی بنا پر حکومت چلانے کا اب دور نہیں رہا۔ کراچی میں پکڑے جانے والے اسلحہ کا ذخیرہ پورے شہر کو تباہ کرنے کیلئے کافی تھا حکومت بتائے کہ یہ اسلحہ کون لایا، کہاں سے آیا اور کیا حکومت اور اس کی ایجنسیاں سوئی ہوئی تھیں۔ کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے اس انجن کو بند کرنا یا اس پر قبضہ کرنا پورے پاکستان پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔ اب بھی سیاست اور جرائم کی دنیا کو الگ نہ کیا گیا تو کسی وقت بہت بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت ساری دنیا میں جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ہمارے حکمران سچائی پر مبنی قومی موقف کو بھی موثر انداز میں پیش نہیں کرسکے۔ سارک کانفرنس کا ملتوی ہونا حکومت کی بڑی ناکامی ہے جس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ امریکی صدر اوبامہ کی تقریر میں کشمیر کا ذکر نہ آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خارجہ محاذ پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بھارت اول فول بول کر اور اوڑی جیسے ڈراموں سے دنیا کو متاثر کر رہا ہے جبکہ ہماری وزارت خارجہ کے پاس سوائے ناکامیوں کی داستان کے کچھ بھی نہیں ۔
خبر کا کوڈ : 573382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش