0
Monday 17 Oct 2016 07:48

پڑول مہنگا نہ کرنے پر شیخ صباح نے کویتی پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا

پڑول مہنگا نہ کرنے پر شیخ صباح نے کویتی پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا
اسلام ٹائمز۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے ایک حکم نامے کے ذریعے ملکی پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا، یہ پیشرفت کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے اس بیان کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا عندیہ دیا تھا، اس کی وجہ انہوں نے ملک کو درپیش سلامتی اور اقتصادی چیلنجز کو قرار دیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امیر کویت نے یہ اقدام حکومت اور قانون دانوں کے درمیان پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کیا ہے، قانون دان حکومت کی طرف سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو ناجائز قرار دے رہے تھے۔ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کی طرف سے جاری ہونیوالے حکم نامے میں اس کشیدگی کا براہ راست کوئی ذکر نہیں کیا گیا تاہم کہا گیا ہے کہ نازک مالی و علاقائی حالات اور سکیورٹی کو درپیش خطرات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام سے دوبارہ رجوع کیا جائے تاکہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں جو حالات کا مقابلہ کر سکیں۔ اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کابینہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے جس کا گزشتہ روز ہنگامی اجلاس ہوا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قانون کے تحت یہ لازمی ہے کہ پارلیمان کی تحلیل کے بعد دو ماہ کے اندر اندر انتخابات کرائے جائیں۔ قبل ازیں پارلیمانی اسپیکر مرذوق الغنیم نے کہا تھا کہ ریاستی سکیورٹی و مالیاتی مسائل اگر برقرار رہے تو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔ غنیم نے یہ ریمارکس پارلیمنٹ میں بحث کے لیے داخل کرائی جانے والی ان تین درخواستوں پر دئیے جو ریاست میں پٹرول کی قیمت میں اضافے اور دوسری مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کے حوالے سے جمع کرائی گئیں، بعد میں انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر حکومت عام لوگوں کے مسائل حل نہیں کر سکتی تو رائے شماری ہی آخری حل ہے۔ واضح رہے کہ کویتی پارلیمان منگل 18 اکتوبر کو اپنی چار سالہ مدت کے تین سال مکمل کرنے والی تھی۔ کویتی سیاستدانوں نے اسمبلی توڑنے کے فیصلے کو حیران کن قرار دیا ہے،ان کی نظر میں اسمبلی توڑنے کی کوئی وجہ موجود نہیں تھی۔
خبر کا کوڈ : 576017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش