0
Friday 28 Oct 2016 16:08

ملک میں ہر کسی کو احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنیکی اجازت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ملک میں ہر کسی کو احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنیکی اجازت ہے، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہنا ہے کہ ملک میں ہر کسی کو جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے، اس لئے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانے والے قافلوں کو روکا نہیں جائے گا۔ سندھ کے ضلع جامشورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے، تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونے والے قافلوں سے مکمل تعاون کیا جائے گا، انہیں سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کیلئے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی، لیکن مظاہرین کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا مقصد پورا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سندھ کی قیادت سے رابطہ کرکے بتایا گیا ہے کہ اگر سندھ میں احتجاج کرنا ہے، تو وہ پُرامن طریقے سے ہونا چاہئے، کسی فرد کو بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں، نواز حکومت کو اس معاملے کا سیاسی حل نکالنا چاہئے، ملک میں جمہوری دور میں سب کو احتجاج کا حق ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کا الزام سراسر غلط ہے، ہم اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے ہی صوبے میں بدامنی کیسے پھیلا سکتے ہیں، ہماری اولین ترجیحات میں بدامنی کا خاتمہ بھی شامل ہے، سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کیلئے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے 22 دورے کئے، لیکن اس منصوبے سے جو فائدہ سندھ کو ملنا چاہئے تھا، وہ نہیں مل رہا، جس پر ہمیں اعتراضات ہیں اور اس سے متعلق ہم نے اے پی سی اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کر دیا ہے، جبکہ چین میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں بھی تحفظات بتائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 579069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش