0
Monday 31 Oct 2016 10:20

لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے درجنوں کارکن گرفتار کر لئے

لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے درجنوں کارکن گرفتار کر لئے
اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس نے شہر بھر میں کریک ڈاون کرتے ہوئے تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ کئی اہم رہنما روپوش ہوگئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد لاک ڈاؤن پروگرام روکنے کیلئے لاہور پولیس نے رات گئے پورے شہر میں بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے گھروں اور دفاتروں میں چھاپے مارے۔ پولیس نے چھاپہ مار کر ستوکتلہ سے چیئرمین یوسی 255 حاجی سرور کے ڈیرے سے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا۔ یوسی 120 سے ہارون بھٹی، یوسی 84 سے جنرل کونسلر چودھری علیم اور عامر علیم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اچھرہ، پیرغازی روڈ، سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا ہے۔ پولیس نے سینٹر کامل علی آغا، رکن صوبائی اسمبلی سردار وقاص حسن موکل اور میاں منیر کےگھر بھی چھاپے مارے۔ گڑھی شاہو کے علاقے سے رہنما مسلم لیگ (ق) سلیم چٹھہ 5 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیے گئے جبکہ تاج باغ سے پولیس نےنائب صدر میاں ادیب کو 6 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

پی پی 158 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر طاہر مجید میو، یو سی 90 سے رہنما تحریک انصاف کے امجد خان نیازی کے گھر بھی پولیس کا چھاپہ متعدد کارکن دھڑ لیے گئے۔ گلشن راوی میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر محمد علی بیگ، رانا شیراز نائب صدر انصاف یوتھ ونگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ماجد بیگ رہنماء یوتھ ونگ کو انکی رہائشگاہ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اقبال ٹاون ستلج بلاک میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل شیخ اور ضیاء ایڈوکیٹ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تحریک انصاف کے حافظ ذیشان محمود، یامین ٹیپو کے گھر گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا جبکہ ق لیگ کے رائے عقیل عباس بھٹی، شیخ فیصل کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے حراست میں لیے گئے تمام افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں کیمپ جیل منتقل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ دو نومبر کو پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے بعد پولیس کو یکم نومبر تک پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 579744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش