0
Thursday 10 Nov 2016 22:17

ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی گلوبلائزیشن اور عالمی امن کیلیئے جھٹکا ہے، میاں زاہد حسین

ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی گلوبلائزیشن اور عالمی امن کیلیئے جھٹکا ہے، میاں زاہد حسین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ امریکی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع کامیابی گلوبلائیزیشن اور عالمی امن کیلیئے ایک شدید جھٹکا ہے، اس سے تہذیبوں کے تصادم کے نظریے میں نئی جان پڑ گئی ہے جس سے دنیا میں تنازعات کو ہوا ملے گی، نئے تضادات جنم لینگے، فسادات ہونگے، عالمی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہونگے، ترقی پذیر ممالک کی مشکلات میں اضافہ ہوگا جبکہ امریکہ اور چین کے مابین کشمکش میں بھی اضافہ ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے امریکہ اور یورپی ممالک میں خلیج بڑھ جائے گی جبکہ ایران سے ایٹمی معاملات پر کی گئی پیش رفت پر مشکلات بڑھ سکتی ہیں بلکہ معاہدہ ہی منسوخ ہو سکتا ہے جس سے علاقائی امن تباہ ہو جائے گا کیونکہ وہ اپنی الیکشن مہم کے دوران ایران سے کیئے گئے معاہدے پر اعتراض کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ووٹروں نے بھی الیکشن میں برطانوی عوام کی غیر ملکی پناہ گزینوں کے خلاف نفرت اور رنگ و نسل پرستانہ رویئے کی پیروی کی ہے جس کا سبب ان کی بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات ہیں، ان کی غیر متوقع کامیابی سے امریکہ میں مقیم مسلمان دیگر ممالک کا رخ کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان اور سی پیک پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اگر ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدوں میں سے نصف پر بھی عمل درآمد کیا تو امریکہ نے جو تجارتی معاہدے کیئے ہوئے ہیں انھیں ختم کیا جا سکتا ہے جس سے نت نئے عالمی بحران جنم لینگے جبکہ خطرناک قوم پرستانہ پالیسیوں کے نتیجے میں امریکہ ٹوٹ بھی سکتا ہے، اسی لیئے انکی کامیابی پر سب سے زیادہ بغلیں ماسکو میں بجائی گئی ہیں کیونکہ روسی عوام سویت یونین کی طرح امریکہ کی ٹوٹ پھوٹ چاہتے ہیں، اگر امریکہ کو دوبارہ عظیم طاقت بنانے کے عمل میں لیئے گئے یو ٹرن کے نتیجے میں تیسری عالمی جنگ نہ چھڑی تو یہ دنیا کی خوش قسمتی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 582768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش