0
Friday 11 Nov 2016 16:18

پاکستان میں صرف پاک فوج سے انصاف کی توقع ہے، علامہ رمضان توقیر

وزیر داخلہ دہشتگردوں کو پروٹوکول دیگا تو مجالس و جلوسوں پر حملے ہوتے رہینگے
پاکستان میں صرف پاک فوج سے انصاف کی توقع ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ جب ملک کا وزیر داخلہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو اپنے دفتر میں پروٹوکول دے گا۔ تو مجالس پر حملے اور دہشتگردی کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، حکومت بیلنس کی ناقابل قبول پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شیخ محسن نجفی کی شاندار خدمات پر حکومت ایوارڈ دینے کے بجائے ان کے اکاوئنٹس معطل کرنے سمیت شہریت معطل کر چکی ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، وگرنہ قائدین نے کال دی تو اسلام آباد کے ایوانوں کو لبیک یاحسین (ع) کی صداؤں سے ہلا کر رکھ دیں گے۔ اہل تشیع کے بزرگ معروف عالم دین شیخ محسن نجفی کی شہریت معطل کرنے کے خلاف اہل تشیع علماء کی قیادت میں کوٹلی امام حسین (ع) سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ شیخ محسن نجفی صرف محسن تشیع نہیں بلکہ محسن ملت پاکستان ہیں۔ پاکستان میں ہر مشکل گھڑی میں شیخ محسن نجفی کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ شیخ محسن نجفی کا نام دہشت گردوں کے ساتھ ملانا وفاقی حکومت کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے کی پالیسی ہے۔

علامہ رمضان توقیر کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور وفاقی وزیر داخلہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو اپنے دفاتر میں بٹھا کر پروٹوکول دے رہا ہے اور وطن دوست اور انسان دوست شخصیات کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نےکہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سہولت کاروں کو پروٹوکول دے گا، تو کراچی میں خواتین کی مجلس و کوئٹہ جیسے واقعات ہوتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع کو کبھی انصاف نہیں ملا۔ ہمیں صرف پاکستان میں ایک ہی ادارے پاک فوج سے انصاف کی توقع ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمارے علامتی احتجاج پر اپنی پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو ہم قائدین کے حکم پر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ ہمارے لیے ہر زمین کربلا اور ہر روز عاشورہ ہے۔ ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے والے ہیں۔ احتجاجی ریلی سے باب النجف جاڑا کے پرنسپل علامہ عابد نجفی، علامہ باقر حسین، مولانا کاظم، علامہ ناصر توکلی نے اپنے خطابات میں کہا کہ شیخ محسن نجفی کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وفاقی حکومت وطن دوست علماء کو دہشت گردوں کی لسٹ میں شامل کرکے بیلنس کی پالیسی پر گامزن ہے۔ جس کو ملت تشیع مسترد کرتی ہے۔ کوٹلی امام حسین سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو سڑک پر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو گئی، جس میں " بیلنس پالیسی نامنظور, لبیک یا حسین (ع) " کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
خبر کا کوڈ : 582874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش