0
Wednesday 30 Nov 2016 17:51

ن لیگ کا بدزبان وزیر عابد شیر علی سیاسی اختلاف کو تصادم کی طرف لے جا رہا ہے، مولا بخش چانڈیو

ن لیگ کا بدزبان وزیر عابد شیر علی سیاسی اختلاف کو تصادم کی طرف لے جا رہا ہے، مولا بخش چانڈیو
اسلام ٹائمز۔ صوبائی مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے عابد شیر علی کے بیان پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف عابد شیر علی کی زبان کو لگام دیں اور اگر اس قسم کی زبان اور لہجہ کو نہ روکا گیا تو تمام تر حالات کے ذمہ دار وزیر اعظم ہونگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ کا بد زبان وزیر سیاسی اختلاف کو تصادم کی طرف لے جا رہا ہے، جو کہ ملک میں عدم استحکام اور جمہوریت کو نقصان کو پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں ادب و احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ عابد شیر علی کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان و لہجہ کے بعد کسی مفاہمت اور مصالحت کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کی عزت کی ہے اور اپنے اوپر ہونے والی مثبت تنقید کو خیر مقدم کیا ہے، ہم نے کبھی بھی سیاست میں رواداری کا دامن نہیں چھوڑا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے منہ میں زبان نہیں ہے، ہم بھی اس کی بدتمیزی کا جواب دینا جانتے ہیں، لیکن ہمارے قائدین کی جانب سے اس طرح کی تربیت نہیں دی گئی ہے، میاں نواز شریف کو چاہیئے کہ اپنے بدتمیز وزیر کو لگام ڈالیں، ورنہ ایسا نہ ہو کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے اور ملک میں کسی قسم کا عدم استحکام پیدا ہو اور جمہوریت کے لئے خطرات بڑھ جائیں۔
خبر کا کوڈ : 587701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش