0
Tuesday 20 Dec 2016 01:11

پی ٹی آئی کا رکن خیبر پختونخوا اسمبلی پرائمری اسکول ٹیچر

پی ٹی آئی کا رکن خیبر پختونخوا اسمبلی پرائمری اسکول ٹیچر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پرائمری اسکول ٹیچر ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا جبکہ انہوں نے اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لئے میڈیا کے سامنے شواہد بھی پیش کئے۔ بشام کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما شیر عالم نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالمنیم نے جب 2013ء کے عام انتخابات میں حصہ لیا تو اس وقت وہ پرائمری اسکول ٹیچر تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاجی عبدالمنیم ضلع کوہستان کے سرکاری اسکول میں اب بھی ٹیچر ہیں اور وہ ء میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جو کہ مروجہ طریقہ کار اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ میڈیا کو پیش کی جانے والی دستاویز کے مطابق حاجی عبدالمنیم ضلع کوہستان میں 1987ء میں پرائمری اسکول ٹیچر مقرر ہوئے تھے، جبکہ مارچ 2013ء میں وہ تنخواہ کی مد میں حکومت سے 28 ہزار 815 روپے وصول کر رہے تھے۔ جے یو آئی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو عبدالمنیم کے خلاف ایکشن لینا چاہیے، جو کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی بھی ہیں۔

شیر عالم نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی اور انصاف کا نعرہ لگاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ان کے اپنے رکن اسمبلی دھوکہ دہی کے ذریعے منتخب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو کرپشن سے پاک صوبے اور فراہمی انصاف کے حوالے سے اپنے دعووں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اس حوالے سے جب عبدالمنیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جے یو آئی رہنماؤں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ ہی وہ ٹیچر ہیں اور نہ ہی وہ کوہستان کے کسی علاقے میں کوئی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 1987ء میں وہ اسکول ٹیچر تھے، جس وقت ملک میں وزیراعظم جونیجو تھے جبکہ ان کی سروس علاقے کے نیو روشنی اسکول میں ایک سال تک جاری رہی تھی۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ وہ خود پر الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف عدالت بھی جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 593018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش