0
Friday 18 Mar 2011 01:10

دتہ خیل ڈرون حملے میں بے گناہ مارے گئے، میزائل حملے میں غیر ذمے داری اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا، آرمی چیف کا اظہار مذمت

دتہ خیل ڈرون حملے میں بے گناہ مارے گئے، میزائل حملے میں غیر ذمے داری اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا، آرمی چیف کا اظہار مذمت
راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے آج شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ڈرون حملے کی مذمت کی ہے، اس حملے میں 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی حفاظت کسی بھی صورتحال میں سب سے پہلے ہے، پاکستان کے عوام کی حفاظت مقدم ہے۔ قبائلی عمائدین اور جرگے کے شرکا پر ڈرون حملہ افسوسناک ہے، ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، پاکستانی عوام کیخلاف ایسا اقدام بلاجواز اور ناقابل برداشت ہے، قبائلی علاقوں میں بھائیوں سے نہیں دہشتگردوں سے لڑائی ہے، پاک فوج نے اپنا سخت ترین احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کے اقدامات دہشتگردی کے خاتمے جیسے مقصد سے دور لے جائینگے، ایسے حملوں سے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کا مقصد پورا نہیں ہو سکتا، یہ حملے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، میزائل حملے میں غیر ذمے داری اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کرتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں بے گناہ انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ مقامی عمائدین پر مشتمل پرامن شہریوں کے جرگے کو انسانی جانوں کی اہمیت کو نظرانداز کرتے ہوئے انتہائی بے احتیاطی کے ساتھ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ انسانی حقوق کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسے واقعات ہمیں دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے مقصد سے دور لے جائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ بات سمجھنا انتہائی ضروری ہے کہ عارضی تکنیکی فوائد کے حصول کے لئے دہشت گردی کے خاتمے کے اس انتہائی اہم مقصد کی قربانی نہیں دی جا سکتی۔ پاکستانی عوام کی سلامتی ہر حال میں اہم ہے۔ پاکستانی فوج اس بے رحمانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور وزیرستان کے عوام کے اس دکھ میں شریک ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی فوج کے دستوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ آرمی چیف نے وزیرستان کے بہادر عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان آرمی ہر قیمت پر ان کی زندگیوں، عزت و وقار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریگی۔ پاکستانی آرمی قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے نہ کہ اپنے بھائیوں کے خلاف۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی پہلے ہی اس واقعہ پر ہر ممکن سخت طریقے سے احتجاج کر چکی ہے اور یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ پاکستانی عوام کے خلاف ایسی جارحیت کسی بھی صورت میں غیر منصفانہ اور ناقابل برداشت ہے۔
خبر کا کوڈ : 60187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش