0
Sunday 29 Jan 2017 21:58

حکمرانوں نے قبلہ درست نہیں کیا تو سول اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، ثروت اعجاز قادری

حکمرانوں نے قبلہ درست نہیں کیا تو سول اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کے سربراہ نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں سے نجات کیلئے حکومت سنجیدہ نہیں ہے، بیرونی قرضوں نے پاکستان کو مقروض اور عوام کو بیروزگاری کی طرف دھکیل دیا ہے، ملک میں پیدا ہونے والا بچہ بھی ایک لاکھ بیس ہزار کا قرض دار پیدا ہوتا ہے، حکمران ترقی کا شور تو مچا رہے ہیں، مگر آج بھی 8 کروڑ سے زائد عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے، حکمران عوام دشمن پالیسی کو ترک کرکے عوام و ملک دوست پالیسیاں بنائیں، حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو سول اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کیلئے تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام اپنا مقدمہ اب سڑکوں پر آکر لڑیں گے، پاکستان عظیم نعمت اور ہمارے اکابرین کی قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارا ملک دنیا کی ہر نعمت سے مالا مال ہے، مگر حکمرانوں کی اقرباء پروری، کرپشن اور ناقص پالیسیوں سے ملک کو قرضوں میں دھکیل دیا گیا ہے، پاکستان کو دنیا کا ماڈل ملک بنانا ہے تو کرپشن، دہشت گردی اور اقرباء پروری کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس عدالت میں چل رہا ہے، اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہے مگر اتنا ضرور ہے کہ پوری قوم کی نظریں اعلیٰ عدلیہ پر ہے، عوام چاہتے ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ آئین و قانون کی روح سے تاریخی فیصلہ دے، تاکہ کرپشن کا دروازہ بند اور ملک کی دولت لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جاسکے۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملکوں کی ترقی و خوشحالی عوام دوست مبنی پالیسیوں پر منحصر ہوتی ہے، حکمرانوں نے میڈ ان پاکستان پالیسیاں مرتب کرنے کی بجائے غیروں کے اشاروں پر پالیسیاں بنائیں، جس کی وجہ سے ملک مقروض اور عوام مہنگائی و بے روزگاری سے پریشان حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کرینگے، عوام کو حقوق کے حصول اور خوشحالی لانے کیلئے عملی طور پر میدان میں آنا ہوگا، بہت جلد پاکستان سنی تحریک ملک کو قرضوں سے نجات دلانے کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔
خبر کا کوڈ : 604692
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش