0
Monday 30 Jan 2017 16:35

امریکہ کے بھی روس کی طرح بہت جلد ٹکڑے ہونیوالے ہیں، سراج الحق

امریکہ کے بھی روس کی طرح بہت جلد ٹکڑے ہونیوالے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا، اگر کرپش کے خاتمے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں کو جیل بھیج دیا گیا تو یہ بڑی بات نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں جماعت اسلامی کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ چور اور لُٹیرا چاہے اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں، سب کا احتساب ہو۔  انہوں نے مزید کہا کہ ایسی جمہوریت سے پناہ مانگتا ہوں، جس میں غریب کے بچے کیلئے اسکول اور ہسپتال کا ایک بیڈ بھی میسر نہ ہو۔ ایوان میں کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام نہیں بنا اور حکمرانوں نے بھی کوئی روڈ میپ نہیں دیا، اس لئے ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کرپش کے خاتمے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں کو جیل بھیج دیا گیا تو یہ بڑی بات نہیں ہوگی۔ 20 کروڑ لوگوں کیلئے اگر پانچ چھ ہزار لوگوں کی قربانی دینی پڑی تو یہ بڑی قربانی نہیں ہے۔ اب پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

جماعت اسلامی کے امیر کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ اگر یہی میرا جرم ہے کہ میں احتساب چاہتا ہوں تو میں اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہوں، ہر سزا سہنے کیلئے تیار ہوں اور جب تک ان لوگوں کو جیلوں تک نہیں پہنچایا جاتا، اپنی مہم کو جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے بہت کوشش کی کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام واضح ہو، حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ٹی او آرز بھی آئے، لیکن نہ ایوان میں کوئی نظام آسکا اور نہ حکومت نے کوئی لائحہ عمل بنایا، جب پانامہ کا اسکینڈل آیا، تب بھی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، اب صرف ایک ہی راستہ بچا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر کی پالیسیوں سے معلوم ہو رہا ہے کہ روس کی طرح بہت جلد امریکہ کے بھی ٹکڑے ٹکڑے ہونے والے ہیں، کیونکہ امریکی نو منتخب صدر ہر روز عالم اسلام کے خلاف ایک اعلان جنگ کرتے نظر آتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 604910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش